ٹرمپ ہٹلر بن گئے، گرین لینڈ پر قبضے کی خواہش کیخلاف یورپ کھڑا ہو گیا:سلیم بخاری

Jan 20, 2026 | 23:59:PM
ٹرمپ ہٹلر بن گئے، گرین لینڈ پر قبضے کی خواہش کیخلاف یورپ کھڑا ہو گیا:سلیم بخاری
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(فرخ احمد)معروف تجزیہ کار و اینکر پرسن سلیم بخاری نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ اس وقت ماضی کے ڈکٹیٹر ہٹلر کا کردار ادا کر رہے ہیں، جس کی کسی کو باقیات تک کا علم نہیں ہے، ان کی گرین لینڈ پر قبضے کی خواہش اس وقت پاگل پن کی حدوں کو چھو رہی ہے۔

’’24 نیوز‘‘ کے مقبول پروگرام ’’دی سلیم بخاری شو‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ٹرمپ اپنی خواہش کی تکمیل کے لیے یورپی یونین جو کہ تقریبا اکیاسی سال سے اس کے ساتھ ہیں ان کو بھی اپنے سے دور کر رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ 1945 کی دوسری ورلڈ وار کے بعد سے یورپ امریکہ کا اتحادی ہے بلکہ طنزیہ طور پر کہا جاتا تھا کہ یورپی یونین امریکہ کی بہنیں ہیں، فیصلے امریکہ کرتا ہے یہ صرف تائید کرتے ہیں۔اب دیکھیں یورپ امریکہ کے سامنے کھڑا ہو گیا ہے چاہے کوئی چھوٹا سا ملک ہے، ڈنمارک چاہے فرانس یا پھر برطانیہ ۔انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑی ڈویلپمنٹ ہے جس کا ادراک ہونا چاہئے۔ طاقت کے بل بوتے پر اور جہازوں پر چڑھ کر آپ قبضے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں کر سکتے۔

وزیراعظم شہباز شریف کے بیان پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے سلیم بخاری  نے کہا خیبرپختونخوا نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دیں، خیبرپختونخوا پاکستان کا ایک انتہائی اہم اور اسٹریٹجک صوبہ ہے، قومی سلامتی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انھوں نے کہا کہ ریاست دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔پی ٹی آئی کے پی میں 14سال سے حکومت میں ہے اس کو اپنے عوام کی جان مال کے تحفظ کے لیے وفاق کے ساتھ ملکر دہشتگردی کے خلاف جنگ  میں شامل ہونا چاہئے۔سلیم بخاری نے مزید کہا کہ2018 میں دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کردیا گیا تھا، دہشتگردی کیخلاف آپریشن اجتماعی فیصلہ تھا۔

مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سینیٹر راجہ ناصر عباس کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مقرر کرنے پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے بخاری صاحب نے کہا کہ کتنی بدقسمتی کی بات ہے کہ ایک پارٹی جوکہ اپنے آپ کو ملک کی سب سے بڑی پارٹی مانتی ہے جس کے پاس 80 سے زیادہ ایم این اے اور سینٹرز ہیں وہ اپنی پارٹی  میں سے اپوزیشن لیڈر ہی نہیں بنا سکتی، بانی پی ٹی آئی کے اس فیصلے نے جمہوریت کے تابوت میں  آخری کیل ٹھونک دی ہے۔

انہوں نے علامہ ناصر عباس کی سینیٹ میں پہلی تقریر کو خوش آئند قرار دیا ہے، اُمید کا اظہار کیا کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اپنا کردار ادا کرتے ہوئے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے پل کا کردار ادا کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:روس میں برف باری کے ریکارڈ ٹوٹ گئے