تیاریاں مکمل،جوبائیڈن آج حلف اٹھائیں گے ،واشنگٹن فوجی چھاؤنی میں تبدیل

Jan 20, 2021 | 08:15:AM
تیاریاں مکمل،جوبائیڈن آج حلف اٹھائیں گے ،واشنگٹن فوجی چھاؤنی میں تبدیل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)  نو منتخب صدر جو بائیڈن آج پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے کے قریب امریکا کے 46 ویں صدر کی حیثیت سے عہدے کا حلف اٹھائیں گے جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنی چار سالہ مدت مکمل ہونے کے بعد وائٹ ہاؤس چھوڑ دیں گے۔

وائٹ ہاؤس میں نئے صدر کے استقبال کیلئے بھرپور تیاریاں کی گئی ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی اہلکاروں کی اضافی نفری  بھی تعینات ہے۔ وائٹ ہاؤس کے کئی مقامات کو خاردار تاریں لگا کر بند بھی کر دیا گیا ہے۔ نو منتخب صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کاملا ہیرس کیپٹل کمپلیکس میں حلف لیں گے جس کے اطراف بھی خاردار تاریں لگائی گئی ہیں

  امریکا میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث حلف برداری کی تقریب کو محدود رکھا گیا ہے اور بیشتر تقریبات ورچوئل ہوں گی۔جوبائیڈن کی تقریبِ حلف برداری پریڈ کے لئے ملٹری اور میوزیکل بینڈ نے وائٹ ہاؤس کے سامنے ریہرسل بھی کی۔ملک کی تمام 50 ریاستوں میں نئے صدر کے استقبال کے لئے میوزیکل بینڈ اور مختلف گروپس اپنے فن کا مظاہرہ بھی کریں گے۔

سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ جو بائیڈن کی تقریبِ حلف برداری کے دوران کسی بھی حملے کے خدشے سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر مکمل کر لی ہیں جب کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے تقریب کی سکیورٹی پر مامور نیشنل گارڈز کے 25 ہزار اہلکاروں کی سکریننگ بھی مکمل کرلی ہے۔انتظامیہ نے نیشنل مال کے قریب سڑکوں اور میٹرو سٹیشنز کو بند کر دیا ہے جبکہ ریاست ورجینیا کی طرف جانے والے پلوں کو بھی ٹریفک کی آمد و رفت کیلئے معطل کردیا ہے، کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے  لئے نیشنل گارڈزکے ہزاروں اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے افسران و اہلکار تعینات ہیں۔

قائم مقام وزیرِ دفاع کرسٹوفر ملر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وائٹ ہاؤس کی سکیورٹی کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔اہلکاروں کو واشنگٹن آنے سے قبل اضافی تربیت دی گئی تھی۔ایسی کوئی خفیہ اطلاعات نہیں کہ تقریب میں اندر سے کوئی حملہ ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ سکیورٹی خدشات کے باوجود جو بائیڈن اسی تاریخی مقام پر حلف لینے کا ارادہ رکھتے ہیں جہاں امریکہ کے سابق صدور حلف لیتے رہے ہیں۔

دوسری جانب صدر ٹرمپ نے اب تک انتخابات میں اپنی شکست کو تسلیم  نہیں کررہے ہیں تاہم انہوں نے نو منتخب صدر جو بائیڈن کو مبارک باد  دیتے ہوئے وائٹ ہاؤس چھوڑنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے حلف برداری تقریب میں شرکت نہ کرنے کا اعلان بھی کررہا ہے،اگرایسا ہوتا ہے تو یہ 160 سال کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہو گا۔