صاحبزادہ حامد رضا کے ایکس اکاؤنٹ سے کی گئی پوسٹ نے شدید بحث چھیڑ دی

Feb 20, 2026 | 20:24:PM
 صاحبزادہ حامد رضا کے ایکس اکاؤنٹ سے کی گئی پوسٹ نے شدید بحث چھیڑ دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) پی ٹی آئی کے اتحادی، سنی اتحاد کونسل کے لیڈر صاحبزادہ حامد رضا کے ایکس اکاؤنٹ سے کی گئی پوسٹ نے شدید بحث چھیڑ دی۔

صاحبزادہ حامد رضا کے نام سے ایکس پر ایک پوسٹ کی گئی ہے جس میں شکایت کی گئی کہ حامد رضا کو جیل میں 111 دن ہو گئے لیکن پی ٹی آئی کا کوئی رہنما ان سے ملاقات کرنے کے لئے جیل نہین گیا۔ اس پوسٹ نے نئی بحث چھیڑ دی اور  کئی اطراف سے لوگ پی ٹی آئی پر تنقید کرنے لگے کہ وہ صرف اپنے بانی کے متعلق سوچتے ہیں اور ان کی "سیاست" "بانی سنٹرڈ" ہے۔

صاحبزادہ حامد رضا کے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی شکایت پر مختلف سیاسی رہنماؤں نے پی ٹی آئی کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔

حامد رضا کی پوسٹ کیا تھی

گزشتہ روز صاحبزادہ حامد رضا کے ایکس اکاؤنٹ پر ٹوئٹ کی گئی، "صاحبزادہ حامد رضا کا جیل میں کل ملاقات کا دن ہے کیا ان کے اتحادیوں میں کوئی رہنما ان سے ملاقات کے لیے پہنچا؟  "

 اس پوسٹ میں یاد دلایا گیا کہ حامد رضا کو جیل میں 111دن سے زائد ہوچکے ہیں۔ اس کے ساتھ یہ چیلنج کرنے والا سوال کیا گیا کہ کیا کسی کے پاس حامد رضا کے ساتھ ملاقات کی کوئی فوٹو ہے؟ اگر ہے تو  اسے شئیر کریں۔

صاحبزادہ حامد رضا کا سیاسی تاریخ میں خاص کردار

صاحبزادہ حامد رضا اس وقت  توجہ کا مرکز بنے تھے جب  2018 کے الیکشن سے پہلے الیکشن کمیشن نے اپنے قواعد کے مطابق پی ٹی آئی کو سیاسی جماعت کی حیثیت سے الیکشن لڑنے کی اجازت نہین دی تھی اور اس پارٹی کا انتخابی نشان بھی بیلٹ پیپرز پر شامل کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

 اس وقت صاحبزادہ حامد رضا نے پی ٹی آئی کو پیشکش کی کہ وہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار کی حیثیت سے یکساں انتخابی نشان لے کر الیکشن لڑ سکتے ہیں۔

پی ٹی آئی کے امیدواروں نے الیکشن تو آزاد حیثیت سے لڑا لیکن پارلیمنٹ میں پہنچنے والوں نے بعد میں سنی اتحاد کونسل مین شمولیت اختیار کر لی تھی اور سنی اتحاد کونسل کو  پارلیمنٹ مین پی ٹی آئی کی پراکسی کی حیثیت حاصل ہو گئی تھی۔

بحث وزیر قانون عقیل ملک نے چھیڑی

صاحبزادہ حامد رضا کی پوسٹ پر وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر  عقیل ملک نے نئی بحث چھیڑ دی، عقیل ملک نے ایکس پر پوسٹ کی جس میں کہا کہ  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عملاً ایک ہی شخصیت کے گرد محدود دکھائی دیتی ہے۔ 

بیرسٹر عقیل نے کہا کہ ان کے وہ اتحادی جنہوں نے اپنی پوری جماعت ان کے حوالے کر دی کئی ماہ سے جیل میں ہیں مگر قیادت کی جانب سے ان کے حق میں کوئی مؤثر آواز بلند نہیں کی گئی، یہ طرزِ عمل واضح کرتا ہے کہ جماعت کی توجہ صرف ایک فرد تک محدود ہے۔

 پختونخوا کے اپوزیشن لیڈر نے کیا کہا؟

اس بحث میں کودتے ہوئے  خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکڑ عباد اللہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاست  آج کسی نظریئے کی نہیں بلکہ ایک شخصیت کی سیاست بن چکی ہے اسے نہ اتحادیوں کی قدر ہے نہ اپنے رہنماؤں کا احترام اور نہ ہی کارکنوں اور اُن کے خاندانوں کی کوئی فکر۔

ڈاکٹر عباد اللہ نے  کہا کہ صاحبزادہ حامد رضا جیسے لوگوں نے سب کچھ داؤ پر لگا دیا، مگر آج پارٹی کی ساری توجہ صرف ایک فرد تک محدود ہے۔ سیاست کسی ایک شخصیت کا نام نہیں، بلکہ قربانی دینے والوں کے احترام اور عوامی اعتماد کی امانت ہوتی ہے۔

حنا پرویز نے کیا کہا؟

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پنجاب سے ایم پی اے حنا پرویز بٹ ن بھی پیچھے نہیں رہیں، حنا نے ایکس پر پوسٹ کی جس میں کہا،  یہ پی ٹی آئی کا ہی نہیں، بنیادی طور پر ان کے لیڈر کا رویہ ہے، جو شخص عمر بھر ساتھ دینے والے اپنے دوست  کے جنازے میں شریک نہیں ہوا وہ کسی کا سگا نہیں،  یہی بے اعتنائی، لاپرواہی کا رویہ ان کے کلٹ کا بھی ہے۔

حنا پرویز بٹ نے کہا کہ  وہ لوگ جو ایک شخص کے پیچھے اپنے ملک کا نقصان کرنے پر بھی آمادہ ہیں، کل کو جب انہیں کوئی نہیں پوچھے گا تو احساس زیاں شدید ہوگا۔

 یہ پی ٹی آئی کا ہی نہیں، بنیادی طور پر ان کے لیڈر کا رویہ ہے. جو شخص عمر بھر ساتھ دینے والے اپنے دوست کے جنازے میں شریک نہیں ہوا وہ کسی کا سگا نہیں. یہی بے اعتنائی، لاپرواہی کا رویہ جناب کے کلٹ کا بھی ہے. وہ لوگ جو ایک شخص کے پیچھے اپنے ملک کا نقصان کرنے پر بھی آمادہ ہیں، کل کو… https://t.co/InopqxCgov


 ایم این اے سحر کامران بھی بحث میں کود پڑیں

پی ٹی آئی پر تنقید کرنے میں پیپلز پارٹی کے لوگ بھی پیچھے نہیں رہے،  پاکستان پیپلز پارٹی کی  ایکس پر کافی سرگرم ایم این اے سحر کامران نے کہا کہ یہ پی ٹی آئی کی خود غرض اور ایک شخص پر مرکوز کلٹ سیاست کی مثال ہے جس میں اتحادیوں، دیگر  رہنماؤں، کارکنوں یا ان کے خاندانوں کی کوئی عزت نہیں ہوتی۔

 سحر کامران نے کہا کہ صاحبزادہ حامد رضا نے پی ٹی آئی کے لیے سب کچھ قربان کردیا مگر یہ جماعت  صرف عمران خان پر ہی مرکوز ہے۔ یہ انتہائی افسوسناک اور بدقسمتی کی بات ہے۔

پی ٹی آئی نے نطرانداز کیا

ان تمام لوگوں نے صاحبزادہ حامد رضا کی پوسٹ کو اپنی پوسٹوں میں مینشن کیا۔ اس طرح یہ پوسٹ  پی ٹی آئی کے مخالف سرکل میں کافی زیادہ پھیل گئی۔  لیکن پی ٹی آئی کے لوگ اس سے عملاً لاتعلق رہے۔ اس کو  41 ہزار ویوز ملے جو پی ٹی آئی کے کسی عام ایکٹوسٹ کی پوسٹ سے بھی کم ہیں۔  اسے  اب تک  698 لوگوں نے ری پوسٹ کیا جو زیادہ تر  مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور سنی اتحاد کونسل کے لوگ ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے:  بھارت ٹی 20 ورلڈ کپ کا سیمی فائنل نہیں کھیلے گا

یہ بھی پڑھیں:  عثمان طارق، صاحبزادہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے بہترین بیٹرز، باؤلرز کے ٹیبل پر اوپر، بھارت غائب