کھلی کچہری کے دوران دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا پر حملہ، ملزم گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بھارتی دارالحکومت دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا پر آج صبح اِن کی رہائش گاہ پر منعقدہ کھلی کچہری کے دوران ایک چالیس سالہ شخص نے حملہ کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعلیٰ ریکھا گپتا کی سکیورٹی ٹیم نے فوری طور پر حملہ آور کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے، حملہ آور کی شناخت راجیش سکاریا کے نام سے ہوئی ہے جو ریاست گجرات کا رہائشی بتایا جارہا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور کچھ کاغذات کے ساتھ وزیراعلیٰ کے قریب آیا اور بات کرنے کے دوران اچانک حملہ کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعلیٰ کو فوراً ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:نائیجیریا: مسجد میں نماز کے دوران فائرنگ، 27 افراد شہید، متعدد زخمی
پولیس کمشنر ایس بی کے سنگھ کا اس سے متعلق کہنا ہے کہ یہ معاملہ ایک بڑی سکیورٹی ناکامی ہے اور اس کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات ہوں گی۔
دوسری جانب بی جے پی کے سینئر رہنما ہریش کھرانہ نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹرز وزیراعلیٰ کا معائنہ کر رہے ہیں، یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، ہمیں دیکھنا ہوگا کہ آیا اس کے پیچھے کوئی سیاسی سازش تو نہیں۔
بھارتی اپوزیشن کی جانب سے بھی اس واقعے کی مذمت کی گئی ہے۔