یورپ کا انتہائی مطلوب گینگ سربراہ دبئی میں گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)یورپ کے خطرناک جرائم پیشہ نیٹ ورک کے سربراہ ڈینیئل کیناہن کو دبئی میں ایک مشترکہ کارروائی کے دوران گرفتار کر لیا گیا ہے۔
48 سالہ ملزم کئی برسوں سے مختلف ممالک میں روپوش تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچتا پھر رہا تھا۔
آئر لینڈ کی پولیس کے مطابق ڈینیئل کیناہن کی گرفتاری عدالتی وارنٹ کے تحت عمل میں آئی ہے جبکہ دبئی پولیس نے ایک آئرش مفرور کی حراست کی تصدیق کی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیناہن کو آئر لینڈ منتقل کر کے اس کے خلاف مقدمات چلائے جائیں گے۔
کیناہن پر متعدد سنگین جرائم سمیت ایک طویل عرصے سے جاری گینگ دشمنی میں ملوث ہونے کا الزام بھی عائد ہے جس کے نتیجے میں 2015ء سے اب تک 18 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
مزید پڑھیں:بھارت، آتشبازی کی فیکٹری میں دھماکہ،16 افراد ہلاک
ملزم ڈینیئل کیناہن نے 2016ء میں ڈبلن کے ایک ہوٹل میں فائرنگ کے واقعے کے بعد آئر لینڈ چھوڑ دیا تھا۔
بعد ازاں سپین اور پھر متحدہ عرب امارات منتقل ہو گیا تھا، اس دوران وہ مسلسل اپنی جگہ تبدیل کر کے گرفتاری سے بچتا رہا۔
آئر لینڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ کیناہن کا نیٹ ورک یورپ میں منشیات کی سمگلنگ میں ایک بڑا کردار ادا کرتا رہا ہے۔
2022ء میں امریکی حکام نے اس نیٹ ورک کے خلاف معلومات فراہم کرنے پر 5 ملین ڈالرز کے انعام کا اعلان بھی کیا تھا۔