چین نے پاکستان کی ہر مشکل وقت میں مدد کی: وزیراعظم شہباز شریف

Oct 19, 2022 | 11:24:AM
وزیراعظم نے کہا ہے کہ چین نے پاکستان کی ہر مشکل وقت میں مدد کی، یہ پاکستان اور چین کے دیرینہ تعلقات کی عمدہ مثال ہے
کیپشن: وزیراعظم شہباز شریف
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24 نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ چین نے پاکستان کی ہر مشکل وقت میں مدد کی، یہ پاکستان اور چین کے دیرینہ تعلقات کی عمدہ مثال ہے۔

 وزیرِاعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں چینی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ماہرین کے خصوصی وفد نے ملاقات کی، جس وفاقی وزراء احسن اقبال، شیری رحمان، چیئرمین این ڈی ایم اے اور چیئرمین این ایف آر سی سی کے علاوہ متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

ملاقات میں وفد نے وزیرِ اعظم کو اپنے دورہء پاکستان کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ چینی وفد سیلاب سے متعلق ماہرین پر مشتمل ہے جو پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں بالخصوص سندھ کا دورہ کر کے آیا ہے۔ وفد پاکستان اور چین کے مابین سیلاب کی پیش گوئی اور اس کے اثرات کو کم کرنے کیلئے انفراسٹرکچر کی تعمیر میں پاکستان کو قلیل، وسط اور طویل مدتی منصوبوں پر تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔

چینی وفد نے متعلقہ پاکستانی اداروں و حکام سے تعاون کیلئے ورکنگ گروپ تشکیل دے دیئے ہیں اور 21 اکتوبر کو این ڈی ایم اے کو متاثرہ علاقوں میں لوگوں اور انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے تفصیلی پلان اور رپورٹ پیش کرے گا۔ وزیرِ اعظم نے وفد کی کاوشوں کا خیر مقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ قدرتی آفات کے دوران ریسکیو اور ریلیف کے حوالے سے چینی ماہرین کا تجربہ، پاکستان کیلئے مستقبل میں بھی مفید ثابت ہوگا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ چینی وفد کو تجویز دوں گا کہ وطن واپسی سے پہلے پاکستانی حکومت کے ساتھ ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں تعاون کے معاہدہ پر دستخط کر کے جائیں، پاکستانیوں کی اس مشکل گھڑی میں مدد پر چینی قیادت اور چین کے عوام کی مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم شکر گزار ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سندھ اور بلوچستان کے کئی علاقے ابھی بھی زیرِ آب ہیں، جن میں پانی سے پیدا ہونے والی بیماریاں نئے چیلنجز کو جنم دے رہی ہیں، پاکستان اور چین میں کام کرنے والی چینی کمپنیوں کی طرف سے وزیرِ اعظم فلڈ ریلیف فنڈ میں عطیات پر ان کے مشکور ہیں۔