15 سالہ زیرو کوپن بانڈز کا تاریخی اجرا،1.2 ٹریلین روپے سے زائد رقم حاصل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(وقاص عظیم) حکومتِ پاکستان کا 15 سالہ زیرو کوپن بانڈز کا تاریخی اجرا، 1.2 ٹریلین روپے سے زائد رقم حاصل کرلی ۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ زیرو کوپن بانڈز کا تاریخی اجرا مالیاتی نظام کو مضبوط اور مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق 15 سالہ زیرو کوپن بانڈز کا کامیاب حصول سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی اور معیشت پر اعتماد کا اظہار ہے ،سرکاری بانڈز کی ایک بڑی نیلامی کے ذریعے 1.2 ٹریلین روپے سے زائد رقم کامیابی سے حاصل کر لی ہے۔ اس نیلامی میں پہلی بار 15سالہ زیرو کوپن بانڈ متعارف کرایا گیا، جسے سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی ہے ،اس کے ذریعے 47 ارب روپے سے زائد جمع کیے گئے۔یہ نیا بانڈ ہر سال سود ادا نہیں کرتا ،سرمایہ کاروں کو پندرہ سال کے آخر میں ایک یکمشت رقم ادا کی جاتی ہے۔اس طریقے سے حکومت کو قلیل مدتی قرض واپسی کے دباؤ سے نجات ملتی ہے ۔وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے اندرونی قرضے اب زیادہ مستحکم ہو رہے ہیں۔مقامی قرضوں کی اوسط واپسی مدت گزشتہ سال 2.7 سال تھی، جو اب بڑھ کر 3.75 سال ہو گئی ہے۔ اس سے حکومت پر قرضوں کی فوری واپسی کا دباؤ کم ہو رہا ہے۔ اب صرف بینک ہی نہیں بلکہ پنشن فنڈز اور انشورنس کمپنیاں بھی سرکاری بانڈز میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ 15 سالہ زیرو کوپن بانڈز کا تاریخی اجرا مالیاتی نظام کو مضبوط اور مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے،ہم قرض لینے کے نئے، سمارٹ طریقے متعارف کرا رہے ہیں ،ہمارا مقصد ہے کہ عوامی قرضے کو ذمہ داری سے منظم کیا جائے،اسلامی مالیات کو فروغ دیا جائے،طویل مدتی سرمایہ کاری کو معیشت کی ترقی کے لیے راغب کیا جائے ۔
یہ بھی پڑھیں:مستونگ: فائرنگ کے واقعے میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق