سانحہ گل پلازہ، تحقیقات سے واضح ہوگا ذمہ داری کس پرعائد ہوتی ہے، شرجیل میمن

 آگ پرمکمل طورپر قابو پا لیا،کولنگ کا عمل تاحال جاری ہے ،تاجروں کوتنہا نہیں چھوڑیں گے

Jan 19, 2026 | 15:33:PM
سانحہ گل پلازہ، تحقیقات سے واضح ہوگا ذمہ داری کس پرعائد ہوتی ہے، شرجیل میمن
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ گل پلازہ پرریسکیو اور امدادی کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں، صوبائی انتظامیہ کا پورا نظام ہمہ وقت مصروف عمل ہے، حکومت کی ترجیح متاثرہ افراد کو بحفاظت ریسکیو کرنا ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے، تحقیقات سے واضح ہوگا آگ کس وجہ سے لگی،اور ذمہ داری کس پرعائد ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی املاک میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مؤثر انتظامات ناگزیر ہوتے ہیں، فائربریگیڈ کی گاڑیاں مسلسل موقع پر موجود اور ریسکیو آپریشن بغیرکسی وقفے کے جاری رہا،امدادی کارروائیوں کے دوران ایک ریسکیو اہلکار کی شہادت ہوئی،ریسکیو اہلکار کی شہادت ثبوت ہے کہ ادارے کمٹمنٹ اور جانفشانی سے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بے بنیاد الزام تراشیوں میں ملوث عناصرکو ایسے نازک لمحات میں ہوش سے کام لینا چاہیے، الزام تراشی مسائل کا حل نہیں، سب لوگ آگے بڑھ کر امدادی سرگرمیوں میں تعاون کریں۔

یہ بھی پڑھیں:’’کوئی غلطی ہوگئی ہو تو معاف کردینا‘‘ گل پلازہ میں پھنسے دکاندار کا آخری جذباتی پیغام سامنے آگیا
شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیاہے،کولنگ کا عمل تاحال جاری ہے، عمارت کی اندرونی صورتحال کے بارے میں اس وقت کچھ کہنا قبل از وقت ہے، سانحہ گل پلازہ میں جو قیمتی جانیں ضائع ہوئیں ان کا کوئی نعم البدل نہیں، حکومت کی اولین ترجیح متاثرہ افرادکو بحفاظت ریسکیو کرنا ہے،تاجروں کے نقصان پر ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے، حکومت تاجر برادری کو مایوس نہیں کرے گی، ماضی میں بھی حکومتِ سندھ تاجروں کیساتھ کھڑی رہی آج بھی شانہ بشانہ ہے جبکہ نقصانات کے حوالے سے حتمی اعداد و شمار کا تعین تحقیقات کے بعد ہی کیا جا سکے گا۔