انڈر 19 ورلڈکپ؛ پاکستان نے سکاٹ لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)انڈر 19 ورلڈکپ میں پاکستان نے سکاٹ لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کرلی۔
ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں سکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49 اوورز میں 187 رنز بنائے اور پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔سکاٹ لینڈ کی جانب سے کپتان تھامس نائٹ نے 37 رنز بنائے جبکہ فنلے جونز 33 اور اولی جونز 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستانی بولرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، فاسٹ بولر علی رضا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 37 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مومن قمر نے 46 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
188 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے اعتماد کے ساتھ بیٹنگ کی اور 44ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔ عثمان خان نے شاندار 75 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ احمد حسین نے 47 رنز بنا کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کو انڈر 19 ورلڈکپ کے پہلے میچ میں انگلینڈ کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم اس کامیابی کے بعد قومی ٹیم نے ایونٹ میں واپسی کرتے ہوئے حوصلہ افزا کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
مزید پڑھیں:آسٹریلیا نے دورہ پاکستان کے لیے 17 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا