کراچی:رہائشی عمارت میں سلنڈر دھماکہ، چھت گرنے سے 15 افراد جاں بحق، 14 زخمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
( کاوش میمن)شہر قائد کے علاقے گل رعنا کالونی سولجر بازار میں گیس لیکیج کے باعث دھماکے سے3منزلہ رہائشی عمارت کی چھت گرگئی، جس سے بچی سمیت 15افراد جاں بحق اور 14 افراد زخمی ہو گئے۔
حادثہ گلی نمبر 05 کے قریب آغا خان اسکول کے علاقے میں پیش آیا،حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ادارے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
ایدھی فاؤنڈیشن کی ایمبولینسز اور رضا کار زخمیوں کی فوری منتقلی کے لیے سرگرم عمل رہے، زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں طبی امداد جاری ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں 60 سالہ محمد ریاض اور 10 سالہ نازیہ شامل ہیں، جبکہ ایک اور شخص کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان سزا یافتہ مجرم، رعایت دینے کی خبریں بے بنیاد ہیں:عطا تارڑ
زخمیوں میں 20 سالہ جنید، 6 سالہ زین العابدین، 40 سالہ کامران، 50 سالہ وکیہ، 14 سالہ بلاول، 8 سالہ بھورا، 6 سالہ عدنان، 6 سالہ ریاض، 25 سالہ تسلیم، 8 سالہ سبحان اور 60 سالہ محمد شاہد شامل ہیں، تمام زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
امدادی ادارے اور متعلقہ حکام موقع پر موجود ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے کہ دھماکے کی اصل وجہ کیا تھی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آس پاس کی عمارتیں بھی لرز گئیں، اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
حکام نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ جائے وقوعہ سے دور رہیں تاکہ امدادی کارروائیاں متاثر نہ ہوں۔
ڈپٹی کمشنر ایسٹ نصر اللّٰہ عباسی کے مطابق عمارت کے ملبے میں مزید 2 افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، سلینڈر دھماکے کی شدت سے عمارت متاثر ہوئی اور زمین بوس ہو گئی۔
مزید پڑھیں:امریکا آنے والے چند دنوں میں ایران پر حملہ کر سکتا ہے:امریکی میڈیا، اسرائیل بھی الرٹ
ان کا کہنا ہے کہ عمارت 2 منزلہ ہے، تنگ گلیوں کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات ہیں۔