عائشہ عمر کا قابل اعتراض ریائلٹی شو’’لازوال عشق‘‘، پیمرا کاوضاحتی بیان آگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)خوبرو اداکارہ عائشہ عمر کے ریائلٹی شو ’’لازوال عشق‘‘ کے ٹیزر پر سوشل میڈیا پر کہرام مچ گیا اور ہرکوئی اس پروگرام کی بندش کا مطالبہ کرنے لگا جس کے بعد پیمراکی جانب سے وضاحتی بیان جاری کردیاگیا۔
’’لازوال عشق‘‘کےٹیزر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چار مرد اور چار خواتین بگ باس کی طرح ایک گھر میں مقیم ہیں جوایک پُرتعیش ولا ہے جس میں موجود تمام افراد کی دن بھر کی سرگرمیاں ریکارڈ ہوں گی گویا یہ بگ باس ٹائپ کا شو ہے۔
تاہم عائشہ عمر نے ٹیزر میں بتایا کہ شو کا مقصد جیون ساتھی کی تلاش اور اس سفر میں پیش آنے والی جذباتی آزمائشوں کو دکھانا ہے،یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ عائشہ عمر کی میزبانی میں پیش کیا جانے والا ’’لازوال عشق‘‘شو دراصل ترکی کے مقبول ریائلٹی شو عشق آداسی (Love Island) کا چربہ یا اس سے متاثر ہوکر بنایا گیا ہےیہی وجہ ہے کہ’’ لازوال عشق‘‘ کو کو اردو ناظرین کے لیے پہلا ’’ ڈیٹنگ ریائلٹی شو‘‘ کہا جا رہا ہے جویوٹیوب پر نشر ہوگا۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس پروگرام پر شدید تنقید کرتے ہوئے فوری طور پر اسے بند کرانے کا مطالبہ کیا ہے، اس شو کی تقریباً 100 اقساط ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں:دیشا پٹانی کے گھر کے باہر فائرنگ کرنے والے ملزمان پولیس مقابلے میں ہلاک
صارفین نے پیمرا سے بھی مطالبہ کیاہے کہ اس غیر اخلاقی پروگرام کو آن ایئر جانے سے روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں جس پر پیمرا کی جانب سے جاری بیان میں وضاحت دی گئی ہے کہ’’ لازوال عشق‘‘ کسی ٹی وی چینل پر نہیں بلکہ صرف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دکھایا جائے گا، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دکھائے جانے کی وجہ سے یہ ہمارے دائرہ اختیار میں نہیں آتا اور نہ ہمارے قواعد و ضوابط کا اس پر اطلاق ہوسکتا ہے۔