"میرے دیس کے شاہینو "سعیدآسی کاوطن کے محافظوں کومنظوم خراج عقیدت

May 18, 2025 | 16:59:PM
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)جنگ صرف سپاہی اکیلے ہی نہیں لڑتے بلکہ ان کے پیچھے قوم بھی کھڑی ہوتی ہے۔تاریخ شاہدہے کہ وطن عزیزپاکستان پر دشمن نے جب بھی میلی نظرڈالی تو پوری قوم تمام تراختلافات بھلاکرایک ہوگئی۔1965 اور1971کی پاک بھارت جنگوں میں تمام شعبہ ہائے زندگی کے افراد نے اپنے اپنے طورپر حصہ لیا،ہمارے سپاہیوں نے سرحدوں کی حفاظت کی تو ہمارے فضائی سرفروشوں نے ہماری فضاؤں کومحفوظ بنایا،ہمارے شاعروں اورنغمہ نگاروں نے اپنے قلم سے اپناحصہ ڈالااورایسے ایسے ترانے لکھے جنہیں گلوکاروں نے گاکرہمارے سرحدی محافظوں اورشاہینوں کاحوصلہ بڑھایا۔

پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد ہمارے ازلی دشمن نے جب ہماری خودمختاری کی کھلم کھلم خلاف ورزی کی تو ہماری افواج نے اس کامنہ توڑجواب دیا، پوری قوم بھی تمام چھوٹے بڑے اختلافات بھلا کرایک ہوگئی ،اس حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ہمارے شاعروں،ادیبوں،نغمہ نگاروں اورگلوکاروں نے بھی اپنابھرپور حصہ ڈالاہے،ایسے ایسے ترانے لکھے اورگائے ہیں کہ سن کرحوصلے بلندہوجاتے ہیں۔

معروف صحافی،ادیب اورشاعرسعیدآسی نے بھی ان حالات میں اپنی شاعری کے ذریعے افواج پاکستان کاحوصلہ بڑھاتے ہوئے منظوم خراج عقیدت پیش کیاہے،انہوں نے ثابت کیاہے کہ شاعر اور ادیب بھی یقیناً اپنے سپاہیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ 

میرے دیس کے شاہینو!

میرے دیس کے شاہینوتم جاگتے ہو،ہم سوتے ہیں

ایسی دھاک بٹھائی تم نے،دشمن بیٹھ کے روتے ہیں

آج فضاؤں کے تم ایسے بادشاہ بن کراُبھرے ہو

مودی اورٹرمپ اب دیکھوپاؤں تمہارے دھوتے ہیں

پوری قوم ہے نازاں تم پر،دیس کے تم رکھوالے ہو

ساری دنیابول اٹھی ہے،شاہیں ایسے ہوتے ہیں

رافیلوں پرمان تھاجن کو،ان کی ہوائیاں اڑتی ہیں

فتح کے ضامن میزائل اب پچھلے داغ بھی دھوتے ہیں

جنگ بندی پر آکرتم نے اپنی جان چھڑائی ہے

گیدڑبھبکی والے آخرغم کے ہارپروتے ہیں

اپنے معرکۂ حق نے تو دشمن کویوں ڈھیرکیا

موذی سارے اب آنکھوں پرباہیں دھرکے روتے ہیں

امن کی بات کرواوربیٹھ کے سلجھاؤہرمسٔلے کو

ورنہ آسی جنگ وجدل کے راستے کھوٹے ہوتے ہیں