زمان پارک میں آپریشن: پولیس سرچ وارنٹ کے ہمراہ عمران خان کی رہائشگاہ میں داخل

Mar 18, 2023 | 13:20:PM
زمان پارک میں آپریشن: پولیس عمران کان کے گھر میں داخل
کیپشن: لاہور میں مال روڈ انڈر پاس کو کنٹینر اور بیریئر لگا کر بند کردیا گیا ہے جبکہ دھرم پورہ، ریلوے پھاٹک اور گڑھی شاہو جانے والے راستے بھی بند ہیں۔
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم و تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے اسلام آباد روانہ ہونے کے کچھ دیر بعد لاہور میں زمان پارک کی جانب پولیس نے آپریشن شروع کردیا اور متعدد کارکنوں کوگرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس کی بھاری نفری زمان پارک پہنچ چکی ہے اور پی ٹی آئی کارکنوں کے متعدد خیمے اکھاڑ دیے گئے جبکہ علاقے میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔

پولیس کی جانب سے قیدیوں کو لے جانے والی وین اور واٹر کینن کو بھی کینال روڈ پر پہنچا دیا گیا جبکہ زمان پارک میں کرینیں بھی پہنچا دی گئی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کارکنان زمان پارک میں واقع گراؤنڈ اور عمران خان کی رہائش گاہ کے قریب کیمپوں میں موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: عمران خان توشہ خانہ کیس میں پیشی کیلئے لاہور سے اسلام آباد پہنچ گئے

پولیس عمران خان کی رہائشگاہ میں گیٹ توڑ کر داخل ہوگئی، پہلے واٹر کینن نے عمران خان کے گھر میں پانی پھینکنا شروع کیا جبکہ کرین کی مدد سے تمام رکاوٹیں ہٹائی جا رہی ہیں۔

عمران خان کے گھر میں کارکنوں اور اینٹی رائیٹ فورس کے درمیان شدید تصادم  کے دوران پی ٹی آئی کے 6 کارکن زخمی ہوگئے ہیں جبکہ ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ عمران خان کے گھر کے اندر سرچ آپریشن کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ زمان پارک کیلئے سرچ وارنٹ گزشتہ روز عدالت کی جانب سے جاری کیا گیا تھا جس میں  خواتین اہلکار بھی ہمراہ لے جانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں مال روڈ انڈر پاس کو کنٹینر اور بیریئر لگا کر بند کردیا گیا ہے جبکہ دھرم پورہ، ریلوے پھاٹک اور گڑھی شاہو جانے والے راستے بھی بند ہیں۔ اس کے علاوہ میو گارڈن، اپر مال اور دیگر انڈر پاسز بھی بند کر دیے گئے ہیں اور بند راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔

لاہور میں بند کیے گئے راستوں پر خاردار تاریں بھی بچھائی گئی ہیں، پولیس نے عمران خان اور رہنماؤں کو زمان پارک واپس جانے سے مبینہ طور پر روکنے کیلئے زمان پارک کے اطراف کنٹینرز لگا دیے۔

خیال رہے کہ عمران خان آج توشہ خانہ کیس میں پیشی کیلئے صبح 8 بجے اپنی رہائش گاہ زمان پارک سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوچکے ہیں، وہ ریلی کی قیادت کرتے ہوئے لاہور سے وفاقی دارالحکومت جائیں گے جبکہ راولپنڈی ڈویژن کے رہنما اسلام آباد پہنچنے پر پارٹی چیئرمین کا استقبال کریں گے۔