انڈونیشیا، 240 مسافروں سے بھرے بحری جہاز کا رابطہ منقطع، سرچ آپریشن کا آغاز  

Sep 13, 2026 | 09:33:AM
انڈونیشیا، 240 مسافروں سے بھرے بحری جہاز کا رابطہ منقطع، سرچ آپریشن کا آغاز  
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( ویب ڈیسک )انڈونیشیا میں 240 مسافروں کو لے جانے والا مسافر بردار جہاز جاوا سمندر میں رابطے سے باہر ہوگیا، جس کے بعد امدادی اداروں نے جہاز کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کردی۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ’ورگو ٹرانسپورٹ 8‘ نامی جہاز مشرقی جاوا کے شہر سورابایا سے بورنیو جزیرے کے جنوبی کالیمانتان صوبے کے دارالحکومت بنجارماسین جا رہا تھا کہ اس سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

بنجارماسین کے سرچ اینڈ ریسکیو دفتر کو اطلاع ملی کہ جہاز دوران سفر مواصلاتی رابطے سے محروم ہوگیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق جہاز کی آخری معلوم پوزیشن جاوا سمندر میں بنجارماسین کی ایک بندرگاہ سے تقریباً 148 کلومیٹر دور تھی۔

 
 

 
امدادی ادارے کے آپریشنز چیف اریانتو آری نے جہاز سے رابطہ منقطع ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ امدادی اہلکاروں کو ممکنہ مقام کی جانب روانہ کردیا گیا ہے۔ حکام نے ٹریساکتی کے مقام پر امدادی کارروائیوں کے لیے ایک آپریشن پوسٹ بھی قائم کردی ہے۔

حکام کے مطابق جہاز کے آپریٹر نے واقعے کی اطلاع اس وقت دی جب اسے معلوم ہوا کہ جہاز کو خراب موسم کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ جہاز کے ساتھ اصل میں کیا ہوا اور آیا وہ خراب موسم کے باعث راستے سے ہٹا یا کسی اور مشکل کا شکار ہوا۔

حکام نے بتایا کہ جہاز میں سوار 240 افراد میں سے کسی کے جانی نقصان کی فوری طور پر کوئی اطلاع نہیں ملی۔ امدادی ٹیمیں سمندر میں جہاز کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس کی آخری معلوم پوزیشن کو تلاش کے مرکز کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔

 واضح رہے کہ انڈونیشیا ہزاروں جزائر پر مشتمل ملک ہے جہاں مسافر اور مال بردار جہاز مختلف جزیروں کے درمیان آمدورفت کا اہم ذریعہ ہیں، تاہم خراب موسم کے دوران سمندری سفر میں خطرات بڑھ جاتے ہیں۔