خیبرپختونخوا حکومت کا وفاق سے گندم کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ

May 17, 2026 | 17:56:PM
خیبرپختونخوا حکومت کا وفاق سے گندم کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ملک رحمان) حکومت خیبرپختونخوا نے وفاقی حکومت کو خط ارسال کرتے ہوئے صوبے کو گندم کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پنجاب سے گندم اور آٹے کی ترسیل میں رکاوٹ کے باعث خیبرپختونخوا میں غذائی بحران پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ رہا ہے۔ صوبائی حکومت کے مطابق خیبرپختونخوا کو سالانہ تقریباً 53 لاکھ میٹرک ٹن گندم درکار ہوتی ہے، جبکہ مقامی پیداوار صرف 16 لاکھ میٹرک ٹن تک محدود ہے۔

حکومت خیبرپختونخوا نے وفاق سے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب میں روکی گئی گندم بردار گاڑیوں کو فوری طور پر نقل و حرکت کی اجازت دی جائے تاکہ صوبے میں سپلائی چین متاثر نہ ہو۔

خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ گندم کی ترسیل میں رکاوٹ آئین کے آرٹیکل 151 کی خلاف ورزی کے مترادف ہے، جو ملک کے اندر تجارت اور نقل و حمل کی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔

صوبائی حکومت نے وفاق سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ پاسکو کے ذریعے گندم کی فراہمی بلا رکاوٹ جاری رکھنے کیلئے فوری مداخلت کی جائے۔

خط میں خبردار کیا گیا ہے کہ پنجاب حکام کی عائد کردہ پابندیوں کے باعث خیبرپختونخوا کے اسٹریٹجک گندم ذخائر متاثر ہونا شروع ہو گئے ہیں، جس سے صوبے میں آٹے اور گندم کی دستیابی کا مسئلہ سنگین ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :2 اسلامی ممالک کا 27 مئی کو عید الاضحیٰ منانے کا اعلان