ایران کا اسرائیل پر 10واں بڑا حملہ،مزید 3 ہلاک،تل ابیب،حیفہ میں میزائلوں کی بارش
Stay tuned with 24 News HD Android App
( 24 نیوز )ایران نے صبح سویرے اسرائیل پر دسواں بڑا حملہ کر دیا، حملے کے دوران تل ابیب،حیفہ میں میزائلوں کی بارش ، کئی شہروں میں ہائی الرٹ نافذ سائرن گونج اٹھے۔
خبر ایجنسیوں کے مطابق رات گئے ایران نے حیفہ اور تل ابیب کی جانب متعدد بیلسٹک میزائل اور ڈرونز داغے ان حملوں میں اب تک تین اسرائیلی شہری ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔ تل ابیب میں دھماکوں کی آوازوں سے شہر لرز اٹھا، شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے شہریوں کو ہدایت جاری کی کہ فوری طور پر بنکرز میں منتقل ہو جائیں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
ایرانی جوابی کارروائی اسرائیل کی جانب سے تہران میں ایرانی سرکاری ٹی وی چینل کی عمارت پر بمباری کے بعد کی گئی۔ ایرانی وزارت خارجہ نے اس بمباری کو اسرائیل کی بدحواسی اور اخلاقی دیوالیہ پن قرار دیا ہے۔ ٹی وی چینل پر حملے میں زخمی ہونے والی ایک خاتون ملازمہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی، جس کے بعد ایرانی عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ مکر گئے،ہنگامی طور پروطن واپسی
سرکاری ٹی وی کی عمارت پر بمباری اس وقت کی گئی جب لائیو نشریات جاری تھیں۔ بمباری سے چھت کا ملبہ اسٹوڈیو پر گرا اور دھویں سے پورا اسٹوڈیو بھر گیا، جس کے باعث اینکر کو نشریات چھوڑ کر بھاگنا پڑا۔ کچھ دیر کے تعطل کے بعد نشریات بحال کر دی گئیں۔ صحافی یونس شادلو نے حملے کا آنکھوں دیکھا حال سناتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کو بے نقاب کیا۔
ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل نے ردعمل میں اعلان کیا کہ ’آج کی رات اسرائیل کے لیے دن بنا دیں گے‘، جس کے بعد ایرانی فورسز نے حیفہ اور دیگر اسرائیلی مقامات کو نشانہ بناتے ہوئے درجنوں میزائل فائر کیے۔
ادھر اسرائیلی فوج نے اس حملے کا دفاع کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ایرانی ٹی وی کی عمارت دراصل ایرانی فوج کے استعمال میں تھی، تاہم عالمی مبصرین نے اسرائیلی مؤقف کو ”بچکانہ جواز“ قرار دیا ہے۔