پی او آر کارڈ ہولڈر افغان مہاجرین کے انخلا پر حکم امتناع کی استدعا مسترد

Jul 17, 2025 | 15:08:PM
پی او آر کارڈ ہولڈر افغان مہاجرین کے انخلا پر حکم امتناع کی استدعا مسترد
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے پروف آف رجسٹریشن (پی او آر) کارڈ رکھنے والے افغان مہاجرین کے انخلا پر حکم امتناع جاری کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔
 اسلام آباد ہائیکورٹ میں پی او آر کارڈ ہولڈر افغان شہریوں کو واپس نہ بھجوانے سے متعلق پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) سے تعلق رکھنے والے سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر کی درخواست پر جسٹس انعام امین منہاس نےسماعت کی۔
درخواست گزار کی جانب سے عمر اعجاز گیلانی عدالت میں پیش ہوئے اور حکومتی اقدامات کو کیس کے فیصلے تک روکنے کی استدعا کی،جسٹس انعام امین منہاس نے استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جو پالیسی ہے عدالت اس میں مداخلت نہیں کرے گی، 30 جون تک افغان شہریوں کو اپنے وطن واپس جانا ہے، حکومت کہہ رہی ہے ہم نے مہاجرین کا کنٹریکٹ سائن نہیں کیا۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ 30 جون کے بعد افغان شہریوں کو کوئی پروٹیکشن نہیں دی جا سکتی، عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔

یہ بھی پڑھیں:’’اپنی زمین اپنا گھر ‘‘سکیم، درخواستوں کی وصولی کا عمل روک دیا گیا
یاد رہے کہ رواں ماہ 4 جولائی کو وزارت سیفران نے تمام محکموں کو افغان مہاجرین کے خلاف کارروائی سے روک دیا تھا۔وزارت سیفران کی جانب سے پاکستان میں آباد افغان شہریوں کے حوالے سے اعلامیہ جاری کیا گیا تھا، جس میں کہا گیا کہ افغان مہاجرین کے پروف آف رجسٹریشن ( پی او آر) کارڈز میں توسیع زیرغور ہے،پی او آر کارڈز کی مدت میں توسیع کےبارے میں حتمی فیصلہ ہونے تک کوئی کارروائی نہ کی جائے اور انہیں ہراساں نہ کیا جائے۔
اعلامیے کے مطابق اس سلسلے میں وزارت داخلہ، چیف سیکریٹریز اور آئی جیز کو ہدایات جاری کردی گئی تھیں۔