وزیراعظم کا افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کا نوٹس، 48 گھنٹوں میں ملزموں کو پکڑنے کا حکم 

Jul 17, 2021 | 20:39:PM
وزیراعظم کا افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کا نوٹس، 48 گھنٹوں میں ملزموں کو پکڑنے کا حکم 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)وزیراعظم عمران خان نے افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کا نوٹس لے لیااور48 گھنٹوں میں ملزموں کو پکڑنے کا حکم دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا پر وزیر اعظم عمران خان نے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے رابطہ کیااور ہدایت کی کہ افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا میں ملوث افراد کو پکڑنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے۔
وزیر اعظم نے وزیر داخلہ کو مزید ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ اسلام آباد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ٹاپ پروریٹی پر واقعے کی تحقیقات کرنی چاہئیں۔ معاملے کی حقیقت کو سامنے لائیں اور مجرموں کو 48 گھنٹوں کے اندر گرفتار کریں۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاکہ معاملے کی مکمل تحقیقات اور اس واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کے لئے تمام تر کوششیں کی جارہی ہیں۔ اسلام آباد پولیس افغان سفیر کی بیٹی اور لواحقین سے مستقل رابطے میں ہے۔
قبل ازیں دفتر خارجہ کے ترجمان نے افغان سفیر کی مبینہ گمشدگی کے معاملے پر ردعمل جاری کیاتھا،دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھا کہ افغان سفارت خانے نے گزشتہ روز افغان سفیر کی بیٹی کے گمشدہ ہونے کے حوالے سے اطلاع دی۔
دفتر کارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’افغان سفارت خانے نے بتایا افغان سفیر کی بیٹی پر گاڑی چلاتے ہوئے حملہ ہوا اور اس کے ساتھ بدسلوکی کی گئی، واقعہ کی اطلاع کے بعد اسلام آباد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا‘۔
ترجمان کے مطابق وزارت خارجہ، سیکیورٹی ادارے افغان سفیر اورخاندان کے ساتھ مسلسل رابطہ میں ہیں، افغان سفیر اور ان کے خاندان کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ’سیکیورٹی ادارے واقعہ میں ملوث ملزمان کوانصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے سرگرم ہیں، پاکستان میں سفارتی مشن، سفارت کاروں اور ان کے اہل خانہ کی سکیورٹی اولین ترجیح ہے، اس قسم کے واقعات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا‘۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں تعینات افغان سفیر کی بیٹی اغوا، نامعلوم افراد کا تشدد