کورونا سے 22.1 ملین اضافی اموات ہوئیں؛ عالمی ادارہ صحت کاانکشاف

  ایک تہائی ممالک ہی اموات کے مستند اعداد و شمار فراہم کر پائے، کئی میں ریکارڈ کا نظام موجود نہیں

May 16, 2026 | 12:54:PM
  کورونا سے 22.1 ملین اضافی اموات ہوئیں؛ عالمی ادارہ صحت کاانکشاف
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

  (ویب ڈیسک)عالمی ادارہ صحت نےانکشاف کیاہے کہ 2020ء سے 2023ء تک کورونا سے 22.1 ملین اضافی اموات ہوئیں۔
عالمی ادارۂ صحت کی نئی رپورٹ کے مطابق 2020ء سے 2023ء کے دوران دنیا بھر میں کورونا وباء سےہونےوالی اضافی اموات کی تعداد تقریباً 22.1 ملین رہی، یہ اموات صرف وائرس سے براہِ راست ہلاکتوں تک محدود نہیں بلکہ صحت کے نظام کی تباہی، علاج میں تاخیر اور طبی سہولتوں کی کمی بھی ان کی بڑی وجہ رہی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اضافی اموات سے مراد وہ اموات ہیں جو عام حالات کے مقابلے میں کسی بحران کے دوران زیادہ ہوں، اس میں کورونا سے براہِ راست ہلاکتیں، ہسپتالوں پر دباؤ، دیگر بیماریوں کے علاج میں رکاوٹ اور ہنگامی طبی سہولتوں تک محدود رسائی شامل ہے۔
عالمی ادارۂ صحت کے مطابق دنیا کے صرف ایک تہائی ممالک ہی اموات کے مستند اعداد و شمار فراہم کر پائے جبکہ کئی ممالک میں اموات کے درست ریکارڈ کا نظام موجود نہیں۔2023ء میں دنیا بھر میں تقریباً 61 ملین اموات ریکارڈ ہوئیں جن میں سے صرف ایک تہائی میں وجہ موت کی تفصیلات شامل تھیں۔
ماہرین کے مطابق وبا کے ابتدائی دنوں میں محدود ٹیسٹنگ، ہسپتالوں سے باہر ہونے والی اموات اور مختلف ممالک کے الگ الگ رپورٹنگ نظام کے باعث کورونا سے ہونے والی اصل اموات کی تعداد مکمل طور پر سامنے نہیں آ سکیں، وبا کے دوران کینسرسکریننگ، ویکسینیشن، دل کے امراض، ذیابیطس اور ذہنی صحت کی سہولتیں شدید متاثر ہوئیں جس سے بالواسطہ اموات میں اضافہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں:ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا
ماہرین کا کہنا ہے کہ اضافی اموات کے اعداد و شمار مستقبل میں وباؤں سے نمٹنے، صحت کے نظام کو مضبوط بنانے اور ہنگامی منصوبہ بندی بہتر کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔