وزیراعلیٰ مریم نواز سے حنیف عباسی کی ملاقات ،بلٹ ٹرین منصوبے پر بات چیت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(راؤ دلشاد)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے وزیرریلوے حنیف عباسی نے ملاقات کی،ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال، قومی سلامتی، ترقیاتی منصوبوں اور پنجاب میں جدید ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر پر تبادلہ خیال کیاگیا، ملاقات میں پنجاب میں پہلی بلٹ ٹرین اور ہائی سپیڈ ٹرینز منصوبوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے آپریشن “بنیان مرصوص” کی کامیابی پر افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا، وزیر ریلوے حنیف عباسی نے سی ایم لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالرشپ فیز ٹو کی کامیابی پر وزیر اعلیٰ مریم نواز کو سراہا۔
اس موقع پر مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آپریشن بنیان مرصوص قومی سلامتی کے تحفظ میں سیاسی و عسکری قیادت سمیت قوم کے مکمل اتحاد کا ثبوت ہے، پاک فوج کے جوانوں نے ہمیشہ جانوں کے نذرانے دے کر وطن عزیز کو محفوظ رکھا ہے،آج کا پاکستان مضبوط ہاتھوں میں ہے اور پوری قوم اپنی افواج اور اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:گرمی کی شدت میں اضافہ، سکولوں میں تعطیلات کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ ملک کو درپیش چیلنجز کا حل صرف سیاسی استحکام، قومی یکجہتی، اور ترقیاتی تسلسل میں ہے،وقت آ گیا ہے کہ پنجاب کے عوام کو عالمی معیار کی سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہاکہ بلٹ ٹرین اور جدید ریلوے نیٹ ورک سہولت سمیت معاشی سرگرمیوں اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کریں گے۔
وزیر ریلوے نے کہاکہ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب ایک بار پھر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے،وزیر اعلیٰ مریم نواز پنجاب کے نوجوانوں کا ماں کی طرح خیال رکھ رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:دو روز مسلسل کمی کے بعد سونا پھر مہنگا ہو گیا