طوفانی بارشیں، آسمانی بجلی گرنے سے ہلاکتیں،پانی میں نہاتے4 بچے ڈوب گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) طوفانی بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے سے 8 بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق ہو گئے ۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں طوفانی بارشوں کے سپیل جاری ہیں، آسمانی بجلی گر نے اور مختلف حادثات میں 8بچوں سمیت 12 افراد جان کی بازی ہار گئے ۔
خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 8 بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ترجمان پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں، آسمانی بجلی اور دیگر واقعات میں 8 بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جاں بحق افراد میں 8 بچے اور ایک خاتون بھی شامل ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بارش اور فلیش فلڈ کے باعث مجموعی طور پر 3 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، بارش کے باعث حادثات خیبر، مالاکنڈ، کوہاٹ، باجوڑ اور لکی مروت میں پیش آئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ضلع خیبر میں آسمانی بجلی گرنے اور بارشوں کے بعد آبی ریلے میں 2 بچے جاں بحق ہوگئے اور ایک بچے کو زخمی حالت میں بچا لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:حمیرااصغرکیس،تحقیقاتی ٹیم کواہم شواہدمل گئے
ترجمان کے مطابق مالاکنڈ میں دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر 2 بچے جاں بحق ہوگئے، کوہاٹ اور ہری پور میں چھت اور دیوار گرنے سے ایک خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق لکی مروت میں بارش کے پانی میں نہانے والے 4 بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
پنجاب کے علاقہ اوکاڑہ میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق آسمانی بجلی گرنے کا واقعہ اوکاڑہ کے علاقے حویلی لکھا میں پیش آیا جہاں 2 افراد جاں بحق ہوئے جن میں ایک نوجوان اور ایک خاتون شامل ہے جبکہ واقعے میں ایک لڑکی زخمی بھی ہوئی۔ریسکیو حکام کا بتانا ہے کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کھیتوں میں کام کررہے تھے۔
محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مزید موسلادھار بارشوں کا الرٹ جا ری کر دیا ۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، لاہور اورشیخوپورہ میں بارش کاامکان ہے۔
قصور، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، اوکاڑہ، قصور، خوشاب، سرگودھا، بھکر، میانوالی، بہاولپور، بہاولنگراور مظفر گڑھ میں بھی بارش کی توقع ہے۔
راجن پور، رحیم یار خان، کوٹ ادو اور لیہ میں بارش کی پیشگوئی ہے، شمال مشرقی پنجاب اورخطہ پوٹھوہارمیں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
بارکھان، سبی، کوہلو، موسیٰ خیل، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، ڈیرہ بگٹی، ژوب، خضدار، لسبیلہ اور گرد و نواح میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں:16 جولائی سے پٹرول فی لیٹر کتنا مہنگا ہو گا؟آئل انڈسٹری نے مصنوعات سے متعلق ورکنگ اوگرا کو بھجوا دی
سندھ کے علاقے عمر کوٹ، مٹھی، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور اور کشمور میں بھی بارش ہونے کی توقع ہے۔
دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ،مردان، بنوں، ٹانک، لکی مروت، کرم، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ آزاد کشمیر میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ تین روز کے دوران سندھ کے کئی شہروں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کی ہوائیں مسلسل سندھ کے بیشتر حصوں میں داخل ہو رہی ہیں جس کے تحت اگلے 3 روز میں جیکب آباد، کشمور، گھوٹکی، قمبرشہدادکوٹ، سکھر، لاڑکانہ، تھرپارکر اور عمرکوٹ میں بارش کاامکان ہے۔
اس کے علاوہ ٹھٹھہ، سجاول، بدین، جامشورو اور کراچی میں کہیں کہیں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اگلے 3 روز کے دوران مطلع ابرآلود اور موسم مرطوب رہے گا جس دوران شہر کادرجہ حرارت 33سے 35ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔