بٹ کوائن فراڈ ’’ دولت کی دیوی‘‘ کو 11 سال قید
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)برطانیہ کی تاریخ کے سب سے بڑے منی لانڈرنگ کیس میں 5 ارب پاؤنڈ مالیت کے بٹ کوائن رکھنے والی ایک چینی نژاد خاتون کو ساڑھے 11 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
47 سالہ ژیمن چیان، جو خود کو ’’گاڈیس آف ویلتھ‘‘ یعنی دولت کی دیوی کہتی تھی، تقریباً 5 سال مفرور رہنے کے بعد گزشتہ برس اپریل میں یارک کے ایک ایئر بی این بی گھر سے گرفتار ہوئی۔
خاتون پر الزام تھا کہ اس نے چین میں اربوں یوان کے فراڈ کے بعد برطانیہ میں جعلی پاسپورٹ کے ذریعے داخل ہو کر منی لانڈرنگ کے ذریعے دولت چھپائی۔
پولیس نے 2018 میں لندن کے علاقے ہیمپسٹیڈ میں اس کے 50 لاکھ پاؤنڈ مالیت کے گھر پر چھاپہ مار کر 61 ہزار سے زائد بٹ کوائن برآمد کیے۔
اس وقت تقریباً ڈیڑھ ارب پاؤنڈ کے تھے، تاہم اب ان کی مالیت 5 ارب پاؤنڈ سے تجاوز کر چکی ہے۔
پراسیکیوٹرز کے مطابق چیان نے 2014 سے 2017 کے دوران چین میں ’’برٹین نائس لائف انشورنس‘‘ کے نام سے ایک جعلی سرمایہ کاری اسکیم چلائی۔
مزید پڑھیں:سیف سٹی پروجیکٹ کے کیمروں کیلئے لگایا گیا ڈسٹری بیوشن بکس چوری
جس کے ذریعے 1 لاکھ 28 ہزار سے زائد افراد کو دھوکا دے کر تقریباً 40 ارب یوان (4.6 ارب پاؤنڈ) لوٹے۔
اس دوران وہ چین سے فرار ہو کر میانمار کے راستے برطانیہ پہنچی اور لندن میں ایک شاہانہ طرز زندگی گزارنے لگی۔
چیان کے وکیل راجر سہوٹا نے کہا کہ ان کی مؤکلہ کو ’’دنیا کی سب سے زیادہ بٹ کوائن رکھنے والی خاتون‘‘ سمجھا جاتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ چیان اپنے اقدامات پر شرمندہ ہے اور امید کرتی ہے کہ اس کی تخلیق کردہ دولت سے متاثرین کو کچھ فائدہ پہنچے گا۔
یہ مقدمہ لندن میٹروپولیٹن پولیس کی تاریخ کی سب سے طویل اور پیچیدہ مالیاتی تحقیقات میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔
اب برطانیہ کی حکومت اور ہزاروں چینی متاثرین کے درمیان ضبط شدہ دولت کی ملکیت پر مقدمہ زیر سماعت ہے۔