پاک چین ڈیجیٹل راہداری سے تعاون اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے:اسحاق ڈار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی اب روایتی تعاون سے آگے بڑھ کر ڈیجیٹل معیشت، مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے نئے دور میں داخل ہو رہی ہے جبکہ پاکستان خطے میں ڈیجیٹل سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کا اہم مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے،پاک چین ڈیجیٹل راہداری سے تعاون اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔
اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی وقت، فاصلے اور حالات سے بالاتر ایک مضبوط تعلق ہے، جس نے کئی دہائیوں سے دونوں ممالک کو ترقی، رابطہ سازی، تجارت، توانائی اور عوامی روابط کے شعبوں میں ایک دوسرے کے قریب رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئی پی آئی ڈیجیٹل اکانومی ہیڈکوارٹرز کا آغاز دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اور اہم سنگ میل ہے، جو ڈیجیٹل رابطہ کاری، جدت اور مستقبل کی معیشت کی جانب مشترکہ پیش رفت کی علامت ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ مشکل اوقات میں چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا، جبکہ سی پیک منصوبوں نے پاکستان کے توانائی اور رابطہ نظام میں نمایاں بہتری پیدا کی، ان کے مطابق پاکستان اور چین کا تعلق صرف تعاون نہیں بلکہ حقیقی برادرانہ رشتہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب دونوں ممالک سڑکوں اور انفراسٹرکچر سے آگے بڑھ کر ڈیجیٹل نیٹ ورکس اور جدید ٹیکنالوجی کی طرف جا رہے ہیں، جبکہ فائبر آپٹک رابطہ، مصنوعی ذہانت اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں تعاون بھی تیزی سے فروغ پا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:تعلیمی نصاب میں حب الوطنی اور معرکہ حق کے مضامین شامل کرنے کا فیصلہ
نائب وزیراعظم نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو اور سی پیک کے تحت اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان میں آ چکی ہے، جبکہ اب تعاون کا دائرہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، زراعت، ماحولیاتی تبدیلی، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، تعلیم، آئی سی ٹی اور اسمارٹ سٹی منصوبوں تک وسیع ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ڈیجیٹل کوریڈور نہ صرف دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنائے گا بلکہ گلوبل ساؤتھ کے دیگر ممالک کے لیے بھی نئے مواقع پیدا کرے گا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اب اپنے موقع کا انتظار کرنے والا ملک نہیں بلکہ ایک ابھرتی ہوئی معاشی حقیقت ہے، ان کے مطابق پاکستان 24 کروڑ آبادی، نوجوان افرادی قوت، دنیا بھر میں موجود پاکستانی کمیونٹی اور تیزی سے ترقی کرتی ڈیجیٹل معیشت کے باعث سرمایہ کاری کے لیے پرکشش ملک بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ اور موبائل کنیکٹیویٹی میں اضافے، نوجوان ٹیلنٹ اور جدید ڈیجیٹل نظام کی بدولت پاکستان خطے میں ڈیجیٹل سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی شراکت داری اور جدت کا اہم مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔