ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی آمد کے بعد ٹیم کے نتائج میں بہتری آئی :محسن نقوی

Jun 13, 2026 | 18:00:PM
 ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی آمد کے بعد ٹیم کے نتائج میں بہتری آئی :محسن نقوی
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 ںیوز ) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے مختلف شعبوں میں اہم کام کیا گیا ہے اور آئندہ دو سے تین روز میں متعدد فیصلوں کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔

قذافی سٹیڈیم لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ٹی 20، ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کے لیے نئی پالیسیوں پر کام مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ سینٹرل کنٹریکٹ، سلیکشن کے نظام اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود سے متعلق بھی اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کھلاڑیوں کی سلیکشن اور سینٹرل کنٹریکٹ کے عمل کو مزید شفاف اور کمپیوٹرائزڈ بنایا جا رہا ہے۔ پانچ کیٹیگریز متعارف کرائی جا رہی ہیں جن میں ایمرجنگ کھلاڑیوں کے لیے بھی علیحدہ کیٹیگری شامل ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ جو کھلاڑی مقررہ معیار اور کیٹیگری پر پورا نہیں اترے گا، وہ ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے گا۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ تینوں فارمیٹس میں قومی کرکٹرز کی میچ فیس میں اضافہ کیا جا رہا ہے، جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کی فیس بھی بڑھائی جا رہی ہے۔ کھلاڑیوں کی فٹنس، کارکردگی اور ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پیر کے روز کھلاڑیوں کو بھی مشاورت کے لیے مدعو کیا گیا ہے تاکہ تمام فیصلے باہمی مشورے سے کیے جا سکیں۔ ان اقدامات کے مثبت نتائج ایک سے دو سال کے اندر سامنے آئیں گے۔

ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کے حوالے سے سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ ٹیسٹ کپتان کا فیصلہ وہ خود نہیں کریں گے بلکہ متعلقہ ٹیم اور ماہرین کی مشاورت سے فیصلہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کو درپیش کئی مسائل کی نشاندہی کی جا چکی ہے اور اب زیادہ سے زیادہ معاملات کرکٹ سے وابستہ ماہرین اور اچھے کرکٹ مائنڈ رکھنے والے افراد کے سپرد کیے جائیں گے۔ ان کے بقول ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی آمد کے بعد ٹیم کے نتائج میں بہتری آئی ہے، اگرچہ کوئی بڑا ٹورنامنٹ نہیں جیتا گیا تاہم سیریز فتوحات حاصل ہوئی ہیں۔

محسن نقوی نے بتایا کہ کرکٹرز کے لیے ہاسٹل کے قیام کی غرض سے ایک عمارت حاصل کی گئی ہے اور اس منصوبے پر جلد کام شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بعض فیصلوں میں خامیاں رہ سکتی ہیں، تاہم ان کی کوشش ادارے کو مضبوط بنانا، بہترین سہولیات فراہم کرنا اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو مزید مستحکم کرنا ہے۔

سیاسی امور پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ان کی مختلف سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، جبکہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ انہوں نے زرعی شعبے میں سست روی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پاکستان پر بھی پڑے تاہم حکومت نے بڑی مشکل سے قیمتوں کو قابو میں رکھا۔

یہ بھی پڑھیں :سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور پنشن کس طرح بڑھے گی؟