کوئٹہ سے تفتان جانیوالی بس سے 9 مسافروں کو اتار کر قتل کردیاگیا

Apr 13, 2024 | 09:27:AM
کوئٹہ سے تفتان جانیوالی بس سے 9 مسافروں کو اتار کر قتل کردیاگیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24news.tv
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)کوئٹہ سے تفتان جانے والی بس سے نو مسافر اتار کر قتل کر دیے گئے، تمام لاشیں نوشکی کے پہاڑی علاقے میں پل کے نیچے سے ملیں، مقتولین کے جسم کے مختلف حصوں پر گولیاں ماری گئیں۔

تفصیلا ت کے مطابق  ڈپٹی کمشنر نوشکی حبیب اللہ موسٰی خیل نے بتایا کہ ایک درجن سے زائد نامعلوم افراد نے قومی شاہراہ کو بند کرکے نہ رُکنے پر ایک بس پر فائرنگ کی، فائرنگ کے نتیجے میں ٹائر برسٹ ہونے سے گاڑی اُلٹ گئی جس سے اس میں سوار ایک شخص جاں بحق 4 افراد زخمی ہوگئے جب کہ گاڑی الٹنے اور فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک شخص بعدازاں ہسپتال میں دم توڑ گیا۔

 ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کے مطابق حملہ آوروں کی فائرنگ کی زد میں آکر ایک موٹرسائیکل سوار بھی زخمی ہوا، مسلح افراد نے بس میں سوار 8 مسافروں کو اُتار کر اغوا کرلیا اور قریبی پہاڑوں کی طرف فرار ہوگئے، بعدازاں کچھ فاصلے پر ایک پُل کے نیچے سے اغوا ہونے والے تمام 9 مسافروں کی لاشیں ملیں جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش کے لیے پولیس، ایف سی اور دیگر سکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

علاوہ ازیں نوشکی میں قومی شاہراہ پر گاڑی پر فائرنگ کے ایک اور واقعے میں 2 افرادجاں بحق اور 3 زخمی ہوئے۔ڈی سی نوشکی نے بتایا کہ ایک جاں بحق شخص رکن صوبائی اسمبلی کا رشتے دارہے۔

وزیراعظم،وزیرداخلہ ،وزیراعلیٰ بلوچستان کی مذمت

وزیراعظم سمیت سیاسی قیادت نےنوشکی واقعہ کی مذمت کی ہے، شہبازشریف نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی، رنج کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایسے افسوسناک واقعہ کی کوئی گنجائش نہیں۔

 دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نوشکی میں 8 بیگناہ مسافروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں ملوث دہشت گردوں کو معاف نہیں کیا جائے گا، مسافروں کا قتل غیر انسانی فعل، ناقابل معافی جرم ہے، دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:دفعہ 144 نافذ

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ نہتے اور معصوم افراد پر بزدلانہ حملوں میں ملوث دہشت گردوں کا پیچھا کریں گے، ان کا قلع قمع کرکے دم لیں گے، انہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی آخری کونے تک پیچھا کریں گے۔

میر سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ امن کے دشمن ملک کے دشمن ہیں، دہشت گردی کے واقعات کا مقصد بلوچستان کے امن کو ثبوتاژ کرنا ہے تاہم ریاست اپنا کردار ادا کرے گی۔

وزیر اعلٰی بلوچستان نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہارکیا اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عزم کیا ہے۔