مختلف شہروں میں بارش اور ژالہ باری ، موسم خوشگوار ،رمضان ٹھنڈا ہو گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور ژالہ باری کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آگئی،رمضان ٹھنڈا ہو گیا ۔
لاہور،راولپنڈی،میانوالی،سرگودھا،مریدکے،پنڈی بھٹیاں،تلہ گنگ،لالہ موسی،کھاریاں،خانقاہ ڈوگراں،گوجرانوالہ،نارووال،نوشہرہ ورکاں،شکرگڑھ ، نورکوٹ، کرتارپور اور دیگر شہروں میں موسلادھار بارش ہوئی۔
اٹک شہر اور گردونواح میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی، پشاور کے بھی مختلف علاقوں میں بارش ہوگئی، گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔
کندیاں، پھالیہ، چشمہ اور گردو نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، پنڈ دادنخان اور گردو نواح میں بادل خوب برسے، بھلوال اور دیگر علاقوں میں وقفہ وقفہ سے بارش ہوتی رہی، مریدکے اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی،آزاد جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری سے سردی پھر لوٹ آئی۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں بارش کے بعد واسا کو ہائی الرٹ اور نکاسی آب کیلئے فیلڈ ٹیموں کو متحرک کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:موٹرسائیکل سواروں کو عید تک پیٹرول مفت دینے کا اعلان
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات نے اسلام آباد اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے، پنجاب کے مختلف شہروں لاہور، راولپنڈی، اٹک، چکوال، میانوالی اور جہلم میں بھی بارش متوقع ہے۔
اسی طرح محکمہ موسمیات نے گجرات، گوجرانوالہ، مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام اور بونیر میں بارش کی توقع ہے جبکہ مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور باجوڑ میں بھی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان کے علاقے چلاس اور اس کے مضافات میں بارش جبکہ بالائی مقامات پر برفباری متوقع ہے، بابوسر، نانگا پربت اور دیگر بلند علاقوں میں بھی برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:سلامتی کونسل میں ایران کےخلیجی ممالک پر حملوں کے خلاف قرارداد منظور
ادھر بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ سندھ کے زیادہ تر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ چلاس اور گردونواح میں بارشوں کے باعث شاہراہ قراقرم پر لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر مسافروں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔