وفاقی بجٹ: تنخواہ دار طبقے کو ریلیف، اپنا گھر سکیم کے لیے 71 ارب روپے مختص

Jun 12, 2026 | 18:07:PM
وفاقی بجٹ: تنخواہ دار طبقے کو ریلیف، اپنا گھر سکیم کے لیے 71 ارب روپے مختص
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب  نے وفاقی بجٹ پیش کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وزیراعظم اپنا گھر سکیم کے لیے 71 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں تاکہ کم آمدنی والے افراد کو رہائشی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

بجٹ تقریر کے دوران وزیر خزانہ نے تنخواہ دار طبقے پر عائد سرچارج ختم کرنے کا فیصلہ بھی سنایا، جبکہ آمدنی کے چار مختلف سلیب میں شامل تنخواہ دار افراد کو ٹیکس ریلیف دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

وزیر خزانہ کے مطابق جاری اخراجات کی مد میں آزاد کشمیر کے لیے 146 ارب روپے اور گلگت بلتستان کے لیے 88 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق وفاقی ترقیاتی پروگرام کے لیے ایک ہزار ارب روپے جبکہ صوبائی ترقیاتی پروگراموں کے لیے 2 ہزار 224 ارب روپے تجویز کیے گئے ہیں۔

مزید برآں مختلف شعبوں میں گرانٹس کی مد میں مجموعی طور پر 2 ہزار 680 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز بھی بجٹ کا حصہ ہے۔

وزیر خزانہ نے بجٹ تقریر میں کہا ہے کہ ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنا حکومت کی اہم ترین ترجیحات میں شامل ہے، جس کے لیے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ محصولات کے نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنانے کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی تنظیم نو کا عمل جاری ہے، جس سے ٹیکس وصولیوں میں بہتری اور نظام میں شفافیت لانے میں مدد ملے گی۔

وزیر خزانہ کے مطابق موجودہ سکیورٹی صورتحال اور قومی دفاعی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے دفاعی شعبے کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے تاکہ مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

بجٹ تقریر میں یہ بھی بتایا گیا کہ معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے دانش سکول نیٹ ورک کو ملک کے مختلف علاقوں تک توسیع دی جا رہی ہے، جس سے زیادہ سے زیادہ طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی۔

یہ بھی پڑھیں :بلاول بھٹو زرداری بجٹ پیش ہوتے ہی ایوان سے چلے گئے