وزیراعظم شہباز شریف کی صدر یو اے ای سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی) وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے کے دوران یو اے ای کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے بھائی چارے پر مبنی تعلقات، جو باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور قریبی تعاون کی تاریخ پر استوار ہیں، کو اجاگر کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اہم شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے میں تعمیری کردار ادا کرنے پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خطے میں امن، مذاکرات اور استحکام کے فروغ میں متحدہ عرب امارات کے مثبت کردار کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے مثبت انداز اور تمام سطحوں پر جاری پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ رہنماؤں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور علاقائی امن اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کیلئے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی موجود تھے۔