لاہورجنرل ہسپتال میں کمیونیکیشن سکلزکے بارے میں ورکشاپ کاانعقاد

 طب صرف سائنس نہیں، انسانی ہمدردی اور اخلاقیات بھی لازم ہیں،پرنسپل پروفیسر فاروق افضل

Dec 12, 2025 | 15:25:PM
لاہورجنرل ہسپتال میں کمیونیکیشن سکلزکے بارے میں ورکشاپ کاانعقاد
کیپشن: پروفیسر فاروق افضل کمیونیکیشن ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کررہے ہیں
سورس: 24 News
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)لاہورجنرل ہسپتال سرجیکل یونٹ1کے زیر اہتمام کمیونیکیشن سکلزکے بارے میں ورکشاپ کاانعقادکیاگیا.

 ورکشاپ میں پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج،پی جی ایم آئی اورلاہورجنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹرفاروق افضل،ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین،پروفیسر آف سرجری جناح ہسپتال ڈاکٹر توصیف فاطمہ سمیت نوجوان ڈاکٹرز، سینئر ٹرینی ڈاکٹرز اور میڈیکل طلبہ نے شرکت کی۔
پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج، پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نےاس موقع پر طب کے شعبے میں معالج اور مریض کے درمیان مؤثر ابلاغ کو بنیادی ستون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مؤثر کونسلنگ کی مہارت کے بغیر جدید اور معیاری طبی خدمات کا تصور ممکن نہیں، ترقی یافتہ ملکوں میں ہیلتھ پروفیشنلز ہسپتالوں میں مریضوں کے لواحقین کو مریض کی صحت اور بیماری بارے آگاہی کیلئے بریفنگ / کونسلنگ سیشنز باقاعددگی سے کرتے ہیں جس سے مریض اور معالج کے درمیان بہتر کمیونیکشن علاج میں بہت  معاون ثابت ہوتی ہے۔
پروفیسرفاروق افضل نے ہیلتھ پروفیشنلز پر زور دیا کہ طب صرف سائنسی علم نہیں بلکہ یہ انسانی ہمدردی، مریض کے احساسات کا احترام اور ان کے اعتماد کی بحالی کی کوششوں کا مجموعہ ہے۔


 انہوں نے مذہبی اور اخلاقی فریضے پر روشنی ڈالتے ہوئے ہیلتھ پروفیشنلز کو ہدایت کی کہ وہ مریضوں کے ساتھ شفقت اور خوش اخلاقی سے پیش آئیں،ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈکس  کے پاس مریض اللہ تعالیٰ کی امانت ہوتے ہیں، لہٰذا ان کے ساتھ پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ساتھ شفقت اور خوش اخلاقی سے پیش آنا ہر طبی کارکن کا اولین فرض ہے۔
پروفیسر توصیف فاطمہ نے شرکاء کو عملی مثالوں اور سیمولیشن ایکسرسائززکے ذریعے پیچیدہ طبی معلومات کو سادہ زبان میں سمجھانے اور مریضوں سے مؤثر رابطہ قائم کرنے کے طریقے سکھائے۔
ایم ایس پروفیسر فریاد حسین نے اس موقع پر کہاکہ رابطے کی کمزوری ہی علاج میں تاخیر اور غلط فہمیوں کا سبب بنتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایم ڈی کیٹ کیخلاف طلبا کی درخواستوں پر پی ایم ڈی سی سے جواب طلب
ورکشاپ کے شرکاء نے اس سیشن کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ اس سے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نےاس عزم کااظہار کیا کہ امیرالدین میڈیکل کالج آئندہ بھی بین الاقوامی معیار کے ایسے تربیتی پروگرام باقاعدگی سے جاری رکھے گا۔