فوجی املاک اور تنصیبات پر منظم حملے کروائے گئے، اب شدید ردعمل دیں گے، آئی ایس پی آر

9 مئی کا دن ایک سیاہ باب کی طرح یاد رکھا جائے گا۔

May 11, 2023 | 09:30:AM
فوجی املاک اور تنصیبات پر منظم حملے کروائے گئے، اب شدید ردعمل دیں گے، آئی ایس پی آر
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا ہے کہ دشمن جو 75 سال میں نہ کرسکا وہ اقتدار کی ہوس میں مبتلا ایک سیاسی لبادہ اوڑھے گروہ نے کر دکھایا جبکہ جو سہولت کار، منصوبہ ساز اور سیاسی بلوائی ان کاروائیوں میں ملوث ہیں ان کی شناخت کر لی گئی ہے۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق 9 مئی کا دن ایک سیاہ باب کی طرح یاد رکھا جائے گا، چیئرمین پی ٹی آئی کو نیب کے اعلامیہ کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ سے قانون کے مطابق حراست میں لیا گیا، اس گرفتاری کے فوری بعد ایک منظم طریقے سےآرمی کی املاک اور تنصیبات پر حملے کرائے گئے اور فوج مخالف نعرے بازی کروائی گئی۔ 

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ایک طرف تو یہ شرپسند عناصر عوامی جذبات کو اپنے محدود اور خود غرض مقاصد کی تکمیل کیلئے بھرپور طور پر ابھارتے رہے اور دوسری طرف لوگوں کی آنکھوں میں دھول ڈالتے ہوئے ملک کیلئے فوج کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتے نہیں تھکتے جوکہ دوغلے پن کی مثال ہے۔

یہ بھی پڑھیے: پی ٹی آئی کے شر پسند کارکنان کا سروسز ہسپتال لاہور پر حملہ

آئی ایس پی آر کے مطابق جو کام ملک کے ابدی دشمن 75 سال نہ کرسکے وہ اقتدار کی ہوس میں مبتلا ایک سیاسی لبادہ اوڑھے ہوئے اس گروہ نے کر دکھایا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ فوج نے انتہائی تحمل، بردباری اور برداشت کا مظاہرہ کیا اور اپنی ساکھ کی بھی پرواہ نہ کرتے ہوئے ملک کے وسیع تر مفاد میں انتہائی صبر اور برداشت سے کام لیا، مذموم منصوبہ بندی کے تحت پیدا کی گئی اِس صورتحال سے یہ گھناؤنی کوشش کی گئی کہ آرمی اپنا فوری ردِعمل دے جس کو اپنے مذموم سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا جاسکے لیکن آرمی کے میچور رسپانس نے اس سازش کو ناکام بنا دیا۔

یہ بھی پڑھیے: حساس عمارات پر حملے قابل مذمت، جو کام ازلی دشمن نہ کر سکا ان دہشت گردوں نے کر دکھایا، وزیر اعظم شہباز شریف

آئی ایس پی آر کے مطابق ہمیں اچھی طرح علم ہے اس کے پیچھے پارٹی کی کچھ شر پسند لیڈرشپ کے احکامات، ہدایات اور مکمل پیشگی منصوبہ بندی تھی اور ہے، جو سہولت کار، منصوبہ ساز اور سیاسی بلوائی ان کاروائیوں میں ملوث ہیں ان کی شناخت کر لی گئی ہے اور ان کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی اور یہ تمام شر پسند عناصر اب نتائج کے خود ذمہ دار ہوں گے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فوج بشمول تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے، فوجی و ریاستی تنصیبات اور املاک پر کسی بھی مزید حملے کی صورت میں شدید ردعمل دیا جائے گا جس کی مکمل ذمہ داری اسی ٹولے پر ہوگی جو پاکستان کو خانہ جنگی میں دھکیلنا چاہتا ہے اور برملہ و متعدد بار اس کا اظہار بھی کرچکا ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کسی کو بھی عوام کو اکسانے اور قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔