ایرانی وزیر خارجہ نےامریکہ اور ایران میں احتجاجی مظاہروں کا تقابلی جائزہ ایکس پر پوسٹ کردیا

Jan 11, 2026 | 20:08:PM
  ایرانی وزیر خارجہ نےامریکہ اور ایران میں احتجاجی مظاہروں کا تقابلی جائزہ ایکس پر پوسٹ کردیا
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)  ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایران میں عوام کے حکومت کے خلاف شدید احتجاجی مظاہروں کا امریکہ میں ہو رہے ٹرمپ حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے ساتھ دلچسپ تقابل کیا ہے اور کہا ہے کہ نہتی، بے گناہ، تین بچوں کی ماں کو سڑک پر گولی امریکہ میں ماری گئی۔

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل پلیٹ فارم ایکس پر ایران اور امریکہ میں     جاری مظاہروں کا تقابلی جائزہ پیش کیا جس میں انہوں نے لکھا کہ چند روز قبل امریکہ میں ایک بے گناہ، نہتی نوجوان خاتون کو امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ کے ایجنٹ نے نزدیکی فاصلے سے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ہلاک ہونے والی نہتی بے گناہ نوجوان خاتون امریکی شہری اور تین بچوں کی ماں تھی۔

عباس عراقچی نے لکھا،  امریکی انتظامیہ نے اسے ”داخلی دہشت گرد“ قرار دیا۔ جبکہ صدر ٹرمپ نے اس واقعے کو ”اپنے دفاع کا معاملہ“ قرار دیا۔ امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی نے کھلے عام امریکی عوام کو تنبیہ جاری کی۔ امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی نے کہا “اگر آپ کسی وفاقی افسر، ایجنٹ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کریں گے تو آپ کو قانون کی پوری حد کا سامنا کرنا پڑے گا۔

عباس عراقچی نے کہا، یہاں ایران میں پولیس اہلکاروں کو حقیقی دہشت گرد قتل کر رہے ہیں۔ ان دہشت گردوں کی نگرانی وہ عناصر کر رہے ہیں جنہیں مائیک پومپیو کھلے عام موساد کے ایجنٹس قرار دے چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : عوام کی قوت اور اللہ کی مدد سےملک سے ظلم جبر کانظام تبدیل کریں گے، حافظ نعیم الرحمان

ایران کے وزیر خارجہ نے دعویٰ کیا کہ اس حوالے سے ہمارے پاس ناقابل تردید ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

عباس عراقچی نے اپنی ایکس پوسٹ مین امریکہ کی انتظامیہ سے براہ راست سوال کیا کہ کیا ایران میں احتجاج واقعی آزادی کے لیے احتجاج دکھائی دیتا ہے یا یہ وہی مناظر ہیں جنہیں امریکی انتظامیہ اپنے ہی ملک کی سرحدوں کے اندر کبھی برداشت نہیں کرے گی۔ 

ایرانی وزیر خارجہ نے ایران میں احتجاج کے دوران "شرپسندوں کی تخریب کاریوں" کا ایک ویڈیو کلپ بھی ایکس پر پوسٹ کیا۔ اسویڈیو کلپ میں ایران میں احتجاجی مظاہروں میں جدید آتشیں اسلحہ کا استعمال دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو کلپ میں عوامی اور سرکاری ٹرانسپورٹ کی توڑپھوڑ اور آتشزدگی کے واقعات بھی دکھائے گئے ہیں۔ اس ویڈیو کلپ میں تربیت یافتہ شر پسند افراد  کو  آتشزدگی کے لیے پیٹرول بم مہارت کے ساتھ استعمال کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: پنجاب کے حکمرانوں کا دل چھوٹا ہے، علامہ راجہ ناصر عباس