وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعلیٰ سطح وفد سے ملاقات

Feb 11, 2026 | 19:28:PM
وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعلیٰ سطح وفد سے ملاقات
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(وقاص عظیم)وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعلیٰ سطح وفد سے ملاقات کی جس کے دوران آئی ایف سی، ایشیائی ترقیاتی بینک ، برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ اور بالٹورو کیپیٹل کے نمائندوں نے شرکت کی ۔
حکومت اور عالمی سرمایہ کاروں کے درمیان پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے اور معاشی اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ 18 ماہ میں پاکستان کی معیشت میں استحکام آیا ، پاکستان کی کرنسی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر سال کے آخر تک تقریباً تین ماہ کی درآمدات کے برابر ہونے کی توقع ہے ،حکومت نجی شعبے کو معیشت کی ترقی کا مرکزی کردار دینا چاہتی ہے، مقامی کرنسی میں سرمایہ کاری کے نئے طریقے متعارف کروانے پر غور کر رہے ہیں۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان میں تجارتی اصلاحات اور ٹیرف میں کمی کے ذریعے برآمدات بڑھانے کا منصوبہ زیر غور ہے ، پاکستان کو کامیاب جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی طرز پر ترقی کی راہ پر لایا جا رہا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ سروسز سیکٹر کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے ،آئندہ مزید بہتری کی اُمید ظاہر کی جا رہی ہے،توانائی شعبے، ٹیکس نظام اور ٹیکس وصولی کے نظام میں اصلاحات جاری رکھے جائیں گے ، ٹیکس نیٹ بڑھانے اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول بنانے کے اقدامات جاری ہیں ۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت تمام بیرونی قرضوں کی ادائیگیاں بروقت کر رہی ہے،عالمی قرض مارکیٹ تک رسائی کی کوششیں جاری ہیں،پانڈا بانڈ اور گلوبل میڈیم ٹرم نوٹ پروگرام کے تحت عالمی سرمایہ کاری حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔

محمد اورنگزیب نےبتایا کہ عالمی اداروں نے پاکستان کی معاشی اصلاحات اور نجی سرمایہ کاری میں تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے، انفراسٹرکچر، چھوٹے کاروبار، روزگار اور معاشی منصوبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے ۔

یہ بھی پڑھیں :رمضان کے آغاز سے پہلے عوام کے لیے بڑا ریلیف