پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم کے علاقائی انسدادِ دہشت گردی ڈھانچے کی چیئرمین شپ سنبھال لی

Sep 10, 2025 | 18:36:PM
پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم کے علاقائی انسدادِ دہشت گردی ڈھانچے کی چیئرمین شپ سنبھال لی
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24 نیوز)پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم کے علاقائی انسدادِ دہشت گردی ڈھانچے (SCO-RATS) کی چیئرمین شپ سنبھال لی ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے بتایا کہ پاکستان نے (SCO-RATS) کی چئیرمین شپ 2025-26 کے لیے سنبھالی ہے، یہ پاکستان کی علاقائی امن و سلامتی، خصوصاً انسدادِ دہشت گردی کی مسلسل کوششوں و خدمات پر ایس سی او رکن ممالک کے اعتماد کا مظہر ہے۔

شفقت علی خان نے بتایا کہ بطور چیئرمین SCO-RATS، پاکستان دہشت گردی کے خلاف علاقائی تعاون کو فروغ دے گا، جو باہمی اعتماد، مساوات اور مشترکہ ذمہ داری پر مبنی ’’شنگھائی اسپرٹ‘‘ کے اصولوں کے مطابق ہوگا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان سائبر انسدادِ دہشت گردی، اطلاعاتی آپریشنز اور سرحدی سلامتی کے شعبوں میں سرگرمیوں اور تقریبات کی میزبانی کرے گا۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام اور استعدادِ کار بڑھانے سمیت کلیدی شعبوں میں سرگرمیوں اور تقریبات کی بھی میزبانی کرے گا تاکہ انسداد دہشت گردی پر تعاون کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

شفقت علی خان نے بتایا کہ انسدادِ دہشت گردی میں بطور سرفہرست ملک پاکستان نے اپنے عوام سمیت خطے اور دنیا کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔

بطور غیر مستقل رکن اقوامِ متحدہ سلامتی کونسل (2025-26) پاکستان کو انسدادِ دہشت گردی سمیت اہم ذمہ داریاں بھی سونپی گئی ہیں، پاکستان انسدادِ دہشت گردی کے لیے اجتماعی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے بین الاقوامی اور علاقائی شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

دفتر خرجہ نے بتایا کہ یہ تعاون ایس سی او کے اصولوں، بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے مطابق ہوگا۔