جنوبی وزیرستان ؛دہشتگردوں کا کیڈٹ کالج پر حملہ ناکام،2خوارج مارے گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمد منصور) جنوبی وزیرستان میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا کیڈٹ کالج پر حملہ ناکام بنا دیاگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ اور دہشت گردوں نے کیڈٹ کالج وانا کی بیرونی دیوار پار کرنے کی کوشش کی۔چوکس سیکورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور بہادری سے کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئےجبکہ 3 دہشت گرد کالج کے ایڈمن بلاک میں محصور ہیں جس کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد افغانستان میں موجود اپنے آقاؤں سے رابطے میں ہیں۔کیڈٹ کالج وانا پر حملہ آرمی پبلک سکول پشاور کے سانحے کو دہرانے کی مذموم کوشش تھی۔دہشت گردوں کا مقصد سابقہ قبائلی علاقوں کے نوجوانوں میں خوف و ہراس پھیلانا ہے۔افغانستان میں دہشت گردوں کی موجودگی طالبان رجیم کے دعوؤں کی نفی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کو افغانستان میں موجود دہشت گردوں اور ان کی قیادت کے خلاف کارروائی کا حق ہے۔"عزمِ استحکام" کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پاکستان سے دہشت گردی کی جڑیں اکھاڑنے کیلئے پرعزم ہیں۔پاکستانی عوام اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے متحد ہیں