حمیرا اصغر کےفلیٹ سے منشیات برآمدہوئی نہ تشدد اور قتل کے شواہد ملے، پولیس
زیر استعمال سم بھی اکتوبر سے بند تھی،موت کی وجوہات سے متعلق کچھ کہنا ابھی قبل از وقت ہے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)کراچی میں مردہ حالت میں پائی گئی اداکارہ حمیرا اصغر کے فلیٹ سے کسی طرح کی کوئی منشیات برآمد نہیں ہوئی، تشدد اور ممکنہ قتل کے شواہد بھی نہیں ملے جبکہ ان کے زیر استعمال رہنے والے موبائل سم اکتوبر سے بند تھی۔
حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے کے فلیٹ سے ملی تھی، ابتدائی طور پر پولیس نے بتایا تھا کہ ان کی لاش 20 دن پرانی ہے، تاہم 9 جولائی کو پولیس نے خدشہ ظاہر کیا کہ ان کی لاش 6 ماہ پرانی ہے۔
اس حوالے سے ایس ایس پی جنوبی مہزور علی نے ایک نجی ٹی وی کے مارننگ شومیں گفتگوکرتے ہوئے کہاہے کہ حمیرا اصغر کا کسی بھی شخص سے آخری بار رابطہ ستمبر میں ہوا ہوگا، اکتوبر کے آغاز سے ان کی سم بند ہوگئی تھی۔
ایس ایس پی مہزور علی کے مطابق اداکارہ دو کمروں کے فلیٹ میں 2018 سے رہائش پذیر تھیں، 2019 میں ہی ان کے کرائے کے مسائل شروع ہوگئے تھے لیکن مئی 2024 کے بعد انہوں نے کرایا دینا بند کردیا تھا،کرایہ نہ ملنے پر مالک مکان نے عدالت سے رجوع کیا تھا، پولیس سارے معاملے سے بے خبر تھی جبکہ اداکارہ کے موبائل بند ہونے پر یا اچانک لاپتہ ہونے پر بھی کسی نے پولیس کو مطلع نہیں کیا تھا، اداکارہ کے گھر سے ملنے والی کھانے پینے کی تمام اشیا کے استعمال کی تاریخ بھی اکتوبر 2024 میں ختم ہوچکی تھی جبکہ انہوں نے مذکورہ مہینے کے بعد کسی سے فون پر رابطہ نہیں کیا تھا۔
ایس ایس پی مہزور علی کے مطابق اکتوبر میں ہی اداکارہ کے بجلی اور گیس کا استعمال بھی بند ہوگیا تھا، اداکارہ کی لاش دوسرے کمرے سے ملی جبکہ ان کا موبائل دوسرے کمرے میں موجود تھا، جائے وقوعہ سے تشدد کے شواہد نہیں ملے، کسی طرح کی کوئی منشیات بھی ان کے فلیٹ سے برآمد نہیں ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں:وزیر ثقافت و سیاحت سندھ کاحمیرااصغر کی تدفین کروانے کا فیصلہ
ایس ایس پی مہزور علی کے مطابق انہوں نے اپنے کیریئر میں پہلی بار اس طرح کا کیس دیکھا ہے، اداکارہ کی موت سے متعلق کچھ کہنا ابھی قبل از وقت ہے، لاش کم سے کم 6 ماہ تک پرانی ہوسکتی ہے، اداکارہ جس عمارت میں رہائش پذیر تھیں، وہاں ہر منزل میں دو فلیٹ تھے، اداکارہ کے سامنے رہنے والے فلیٹ کے افراد بھی ستمبر 2024 کے بعد گاؤں چلے گئے تھے، وہ فروری 2025 میں واپس آئے تو اداکارہ کے فلیٹ کو بند دیکھا۔