یہ دشمن نہیں۔۔۔مریم نوازسراپا احتجاج ملازمین کے حق میں بول پڑی

Feb 10, 2021 | 13:48:PM
یہ دشمن نہیں۔۔۔مریم نوازسراپا احتجاج ملازمین کے حق میں بول پڑی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما مریم نواز تنخواہوں میں اضافہ کیلئے سراپا احتجاج سرکاری ملازمین کے حق میں بول پڑی، مریم نواز نے کہاکہ خدا کیلئے بے رحمانہ تشدد بند کرو،مظلوم سرکاری ملازمین کو آنسو گیس اور ظالمانہ شیلنگ اور لاٹھیوں کا نشانہ مت بناؤ، وہ دشمن نہیں اپنا حق مانگنے والے غریب پاکستانی ہیں۔

اس سے قبل مریم نواز کا کہنا تھا کہ جعلی حکمران اتنا ظلم کریں، جتنا خود سہہ سکیں۔ ہم سرکاری ملازمین کے حقوق اور ان پر تشدد کے خلاف پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے، گرفتار سرکاری ملازمین کو فی الفور رہا کیا جائے اور ان کے مطالبات کو تسلیم کیا جائے۔
 اسلام آباد میں احتجاج کرنے والے سرکاری ملازمین پر شیلنگ اور پکڑدھکڑ کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ 126 دن اسلام آباد میں دھرنا دینے والے سے سرکاری ملازمین کا جائز احتجاج برداشت نہیں ہورہا، سرکاری ملازمین پر تشدد، آنسو گیس اور گرفتاری جعلی حکومت کے اوچھے اور ظالمانہ ہتھکنڈے ہیں، ملازمین کی قربانیاں پاکستان میں ظالم، عوام دشمن، ووٹ چور،کمیشن خور حکومت کے خاتمے کا اعلان ہے۔
 لیگی رہنما نے کہا کہ تین سال میں ظالم حکومت نے عوام بالخصوص سرکاری ملازمین کو مہنگائی کی چکی میں پیس کررکھ دیا ہے، پہلی حکومت ہے جس نے 4 گنا مہنگائی کے باوجود تین سال میں سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں ایک روپے کا اضافہ نہیں کیا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ مغربی جمہوریت کے دعویدار کا فسطائی اور آمرانہ چہرہ آج پوری قوم نے دیکھ لیا، تنخواہوں میں اضافے اور جائز مطالبات کرنے والے ملازمین پر تشدد بے رحم، ظالم حکمرانوں کی پہچان ہے، 126 دن اسلام آباد میں دھرنا دینے والے سے سرکاری ملازمین کا جائز احتجاج برداشت نہیں ہورہا، جعلی حکمران اتنا ظلم کریں، جتنا خود سہہ سکیں۔