پنجاب اسمبلی میں عیدالاضحیٰ پر صفائی ستھرائی کے حوالے سے قرارداد منظو ر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(راؤدلشاد) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبے بھر میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کے حوالے سے قرارداد منظور کر لی گئی۔
قرارداد رکن صوبائی اسمبلی شہباز علی کھوکھر نے پیش کی،قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے پُرمسرت موقع پر صوبہ بھر میں ستھرا پنجاب ٹیم کی جانب سے صفائی کا تاریخی اور بے مثال آپریشن کامیابی سے مکمل کرنے پر سخت محنت، عزم اور لگن کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اسے زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
متن کے مطابق صوبائی تاریخ میں پہلی بار چاند رات اور عید کے تینوں دن مجموعی طور پر 3 لاکھ 76 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں اور کوڑا کرکٹ ریکارڈ مدت میں اٹھایا گیا،"ستھرا پنجاب" ٹیم نے گزشتہ سال (2025ء) کے 3 لاکھ 57 ہزار ٹن کے اپنے ہی ریکارڈ کو توڑ کر نئی تاریخ رقم کی،چاند رات کو 55 ہزار ٹن، عید کے پہلے روز 1 لاکھ 26 ہزار 188 ٹن، دوسرے روز 1 لاکھ 13 ہزار 233 ٹن جبکہ تیسرے روز 82 ہزار 163 ٹن آلائشیں اور باقیات کی بحفاظت منتقلی اور سائنسی طریقے سے تلفی کی گئی۔
قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ ایوان وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن،متحرک قیادت اور عید کے ایام میں صفائی مہم کی ذاتی نگرانی کو سراہتا ہے،متن کے مطابق وزیراعلیٰ کی ہدایات پر تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں متحرک رہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پہلی بار جدید ٹیکنالوجی بشمول سیف سٹی کیمروں اور ڈرون کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کو یقینی بنایا گیا۔
ایوان نے گھر گھر جا کر آلائشیں اکٹھی کرنے والے سینٹری ورکرز کی انتھک محنت کا خصوصی اعتراف بھی کیا، جنہوں نے شدید گرمی اور حبس کے باوجود عوام کو تعفن اور بیماریوں سے محفوظ رکھا۔
قرارداد میں وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی مہم میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے 1 لاکھ 84 ہزار ورکرز کے لیے 10 ہزار روپے فی کس نقد انعام کے اعلان کو بھی خوش آئند قرار دیا گیا، جو آئندہ صفائی اور ستھرائی کے نظام میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : آئی جی پولیس بلوچستان کی زیرصدارت اجلاس،محرم الحرام اوردیگرسیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ