سادگی اور ذائقے کا خوبصورت امتزاج’’آلو گوشت‘‘
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)آلو گوشت برصغیر کے ان روایتی کھانوں میں سے ایک ہے جو سادگی، ذائقے اور گھریلو اپنائیت کی خوبصورت مثال ہے، نرم آلو، مصالحے دار شوربہ اور گوشت کا امتزاج اسے ایک ایسا سالن بناتا ہے جو آج بھی گھروں کے دسترخوان پر شوق سے کھایا جاتا ہے،آج کل چکن میں بھی آلو ڈال کر سالن بنا لیا جاتا ہے، لیکن سچ پوچھیں تو آلو کا اصل مزہ گوشت کے ساتھ ہی آتا ہےوہ بڑے گوشت کا ہو یا بکرے کے گوشت کا، آلو جب گوشت کے شوربے میں پک کر نرم ہوتا ہے تو اس کا ذائقہ ہی بدل جاتا ہے،آج ہم آپ کے ساتھ چھوٹے گوشت کا مزیدار اور بھرپور شوربے والا آلو گوشت بنانے کی آسان ترکیب شیئر کر رہے ہیں، جس میں گوشت نرم و لذیذ ہوگا، آلو مصالحے میں خوب رچے بسے ہوں گے اور شوربہ ہوگا بالکل دیسی انداز کا اور پکاتے وقت پورا گھر خوشبو سے مہک رہا ہوگا۔
اجزاء:بکرے کا گوشت: ½ کلو ،آلو: 3–4 درمیانے،پیاز: 2 عدد،ٹماٹر: 2 عدد،ادرک لہسن کا پیسٹ: 1 کھانے کا چمچ،دہی: ½ کپ،لال مرچ پاؤڈر: 1 چائے کا چمچ،ہلدی: ½ چائے کا چمچ،دھنیا پاؤڈر: 1½ چائے کا چمچ،نمک: حسبِ ذائقہ،گرم مصالحہ: ½ چائے کا چمچ،تیل: ½ کپ،پانی: حسبِ ضرورت،ہرا دھنیا اور ہری مرچ: سجانے کے لیے۔
بنانے کی ترکیب:پتیلی میں تیل گرم کرکے پیاز سنہری کر لیں،ادرک لہسن کا پیسٹ ڈال کر ایک منٹ بھونیں، پھر گوشت شامل کرکے اچھی طرح بھونیں،ٹماٹر، دہی، لال مرچ، ہلدی، دھنیا پاؤڈر اور نمک ڈالیں اور مصالحہ اس وقت تک بھونیں جب تک تیل الگ نہ ہونے لگے،تقریباً 1½–2 کپ پانی ڈال کر گوشت گلنے تک پکائیں۔ پریشر ککر میں عموماً 15–20 منٹ کافی ہوتے ہیں، گوشت کے مطابق وقت بدل سکتا ہے،آلو چھیل کر بڑے ٹکڑوں میں کاٹیں اور سالن میں شامل کریں،آلو نرم ہونے تک مزید 15–20 منٹ پکائیں۔ آخر میں گرم مصالحہ، ہری مرچ اور ہرا دھنیا ڈال دیں،گرم گرم روٹی، نان یا چاول کے ساتھ پیش کریں۔