13اگست سے مون سون بارشوں کا نیا سپیل،سیلاب بارے الرٹ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پنجاب ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے )نے دریائے ستلج اور ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب بارے الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ 13 اگست سے مون سون بارشوں کے باعث دریائے ستلج میں پانی کے اضافے کا خدشہ ہے ۔13 اگست سے ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون کے نئے سپیل کا امکان ہے۔ بالائی آبی ذخائر سے پانی کے اخراج کے باعث دریائے ستلج میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافے کا خدشہ ہے ۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہےکہ گزشتہ ہفتے کے دوران بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے ۔دریائے ستلج پر قائم بھاکڑا ڈیم 61 فیصد تک بھر چکا ہے۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ پونگ ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 76 فیصد جبکہ تھین ڈیم میں 64 فیصد ہے۔ پی ڈی ایم اے ارسا اور محکمہ آبپاشی 24 گھنٹے دریاؤں کی صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:افسوسناک خبر! چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کے کزن انتقال کر گئے
پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا۔ لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو سٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات کر دیں۔ریلیف کمشنر پنجاب نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کریں۔
ریلیف کمشنر نبیل جاویدنے کہاکہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف کو الرٹ رکھا جائے۔ ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹررسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے۔عوام الناس کو موجودہ صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نے کہا کہ دریاؤں کے پاٹ میں موجود مکانوں اور مویشیوں کے انخلاء کو یقینی بنائیں۔ عوام جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ شہری ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں:عمر ایوب کے بعد شبلی فراز کی بھی عہدے سے چھٹی، نوٹیفکیشن جاری