پاکستان کی فلسطینیوں کو جبری بےدخل کرنے کے اسرائیلی بیانات کی مذمت

Sep 07, 2025 | 00:19:AM
پاکستان کی فلسطینیوں کو جبری بےدخل کرنے کے اسرائیلی بیانات کی مذمت
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز )پاکستان نے قابض اسرائیلی حکومت کے فلسطینی عوام کو ان کی سرزمین سے جبری بے دخل کرنے سے متعلق بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک خودمختار اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اسرائیلی قابض حکومت کی طرف سے فلسطینی عوام کو ان کی سرزمین سے جبری بے دخل کرنے کے ارادے سے متعلق حالیہ بیانات کی شدید مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی اور خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو دانستہ طور پر سبوتاژ کرنے کی کوشش ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ فلسطینی عوام کی جبری بے دخلی اور غیر قانونی بستیوں کی توسیع اسرائیل کی جانب سے انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

اسرائیلی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری عام شہریوں کی مشکلات کے ازالے اور اسرائیل کو اس کے اقدامات پر جواب دہ بنانے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی حقِ خود ارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے اور ایک خودمختار، آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے جو 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر قائم ہو اور اس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب:افواجِ پاکستان کاسیلاب متاثرین کیلئے زمینی و فضائی ریسکیو آپریشن جاری