پاکستان بار کونسل کاپیٹرولیم قیمتوں میں روزانہ اضافے پر اظہارتشویش ،ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ 

Sep 17, 2026 | 22:39:PM
پاکستان بار کونسل کاپیٹرولیم قیمتوں میں روزانہ اضافے پر اظہارتشویش ،ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ملک اشرف) پاکستان بار کونسل نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ اضافے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کا مطالبہ کردیا۔

پاکستان بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی اور رولز کمیٹی کا مشترکہ اجلاس وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل پیر محمد مسعود چشتی اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی منیر احمد ملک کی زیر صدارت کونسل آفس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور اس کے نتیجے میں بڑھتی ہوئی مہنگائی سے متعلق قرارداد منظور کی گئی۔ پاکستان بار کونسل کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ اضافہ مہنگائی میں اضافے کا سبب بن رہا ہے، جبکہ عام شہری خصوصاً متوسط اور نچلے متوسط طبقے کے لیے زندگی گزارنے کی لاگت ناقابل برداشت ہوتی جارہی ہے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ حکومت کی جانب سے عوام کو پہلے سے درپیش معاشی مشکلات کو مدنظر رکھے بغیر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلوں کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان بار کونسل کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ہونے والے اضافے نے عوام میں مایوسی اور بے چینی پیدا کی ہے جبکہ ان کی قوت خرید بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ غیر ضروری مراعات، ضرورت سے زیادہ پیکیجز، مفت پیٹرولیم مصنوعات کی سہولتیں اور سرکاری گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔پاکستان بار کونسل نے وزراء، سرکاری افسران اور دیگر مراعات یافتہ افراد کے غیر ضروری اخراجات میں بھی کمی لانے کا مطالبہ کیا ہے۔اعلامیے کے مطابق حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پیدا ہونے والی مہنگائی پر قابو پانے کے لیے فوری اور ٹھوس عملی اقدامات کرنا چاہئیں تاکہ عام شہری کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔پاکستان بار کونسل نے سمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز کو بھی موجودہ معاشی بحران کا حل قرار دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے عام شہریوں، یومیہ اجرت کمانے والوں اور کاروباری طبقے پر مزید بوجھ پڑے گا۔قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن جیسے اقدامات کے بجائے عام شہریوں کو سہولت اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔پاکستان بار کونسل کی جانب سے اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد اور مطالبات پر مشتمل اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

دیگر کیٹیگریز: پاکستان
ٹیگز: