طاقتور سمندری طوفان ویتنام کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا، ایمرجنسی نافذ،پروازیں معطل

Nov 07, 2025 | 09:27:AM
طاقتور سمندری طوفان ویتنام کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا، ایمرجنسی نافذ،پروازیں معطل
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)طاقتور سمندری طوفان ’ کلمیگی ‘ فلپائن میں تباہی مچانے کے بعد ویتنام کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا جس کے باعث ملک بھر میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔

ویتنامی سرکاری میڈیا کے مطابق طوفان کے باعث ہواؤں کی رفتار 92 میل فی گھنٹہ (149 کلومیٹر فی گھنٹہ) تک ریکارڈ کی گئی جب کہ 2 لاکھ 60 ہزار سے زائد فوجی اہلکار امدادی کارروائیوں کے لیے الرٹ کر دیئے گئے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ ملک کے 6 بڑے ہوائی اڈے بند کر دئیے گئے ہیں اور سینکڑوں پروازیں منسوخ یا متاثر ہونے کا امکان ہے۔

ویتنام پہلے ہی ریکارڈ بارشوں اور سیلابوں سے نبرد آزما ہے اور اب اسے ایشیا کے اس سال کے طاقتور ترین طوفانوں میں سے ایک کا سامنا ہے۔

وزارتِ ماحولیات کے مطابق  طوفان نے ڈاک لک اور جیا لائی  صوبوں میں ٹکرانے کے بعد شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

قومی موسمیاتی محکمے نے خبردار کیا ہے کہ سات صوبوں اور شہروں میں آئندہ چھ گھنٹوں کے دوران سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

مختلف علاقوں سے مکانات کی چھتیں اڑنے، درختوں کے گرنے اور ہوٹلوں کی شیشے کی کھڑکیاں ٹوٹنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

دوسری جانب حکام کی جانب سے سکولوں ،کالجز اور یونیورسٹیوں کو  بند رکھنے کی احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

کوی نون کے علاقے میں مرکزی شاہراہوں پر درخت گر گئے جبکہ ڈاک لک صوبے کے دو قصبوں کے مکینوں نے اپنے گھروں کے منہدم یا زیرِ آب آنے کی اطلاعات دیتے ہوئے مدد کی اپیل کی ہے۔

ماہرین کے مطابق طوفان جنوبی بحیرہ چین میں 8 میٹر (26 فٹ) تک اونچی لہریں پیدا کر سکتا ہے، جس سے ساحلی علاقوں میں مزید تباہی کا اندیشہ ہے۔

ویتنامی حکومت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور امدادی اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ممکنہ جانی و مالی نقصان کو کم کیا جا سکے۔

فلپائن میں ہولناک سمندری طوفان کالمیگی  نے وسطی علاقوں کو تباہ کر دیا،  مختلف حادثات میں200 افراد ہلاک جبکہ درجنوں لاپتہ ہوگئے۔

فلپائن کے شہر سیبو میں سیلاب نے مکانات، گاڑیاں اور  کنٹینرز  بہا دیے، کلمیگی طوفان کو 2025 کا  سب سے خطرناک طوفان قراردیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق طوفان کے باعث 140 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے سب کچھ تہس نہس کرکے رکھ دیا، صورت حال خراب ہونے کے باعث صدر مارکوس نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی۔