وزارتِ صحت اورنادرا کاوزیراعظم ہیپاٹائٹس سی خاتمہ پروگرام ڈیجیٹل نظام مضبوط بنانےکیلئےایم او یو پردستخط 

May 07, 2026 | 18:39:PM
وزارتِ صحت اورنادرا کاوزیراعظم ہیپاٹائٹس سی خاتمہ پروگرام ڈیجیٹل نظام مضبوط بنانےکیلئےایم او یو پردستخط 
کیپشن: وزارتِ صحت اور نادرا کا وزیراعظم ہیپاٹائٹس سی خاتمہ پروگرام ڈیجیٹل نظام مضبوط بنانے کیلئے ایم او یو دستخط 
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وزارتِ صحت اور نادرا کے درمیان وزیراعظم ہیپاٹائٹس سی خاتمہ پروگرام کے ڈیجیٹل نظام کو مضبوط بنانے کیلئے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔ ایم او یو پر دستخط کی تقریب نادرا ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوئی۔

تقریب میں وزیر صحت مصطفٰی کمال اور چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر نے شرکت کی۔

وزیر صحت مصطفٰی کمال نے کہا کہ نادرا، وزارتِ صحت سے مل کر پروگرام کیلئے مربوط ڈیجیٹل ڈیٹا مینجمنٹ سسٹم پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کی رجسٹریشن، تصدیق، ٹریکنگ اور ریئل ٹائم ڈیٹا شیئرنگ کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کا پروگرام ایک قومی فلیگ شپ اقدام ہے۔ ان کے مطابق پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کی تعداد تقریباً ایک کروڑ ہے اور پاکستان اس وقت دنیا میں ہیپاٹائٹس سی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔

مصطفٰی کمال نے کہا کہ حکومت نے 2030 تک ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کا پختہ عہد کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائیٹس سی کی بروقت تشخیص ناگزیر ہے اور اس کے خاتمے کیلئے عملی اور مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

وزیر صحت کے مطابق ہیپاٹائیٹس سی پروگرام کے تحت بروقت اسکریننگ، تشخیص اور علاج کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ پروگرام کا ابتدائی آغاز آئندہ ہفتے اسلام آباد میں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں :  تھیلیسیمیا کا عالمی دن ؛فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں آگاہی سیمینار کا انعقاد