وزیرِ خزانہ کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس،قومی اقتصادی سلامتی کا جائزہ لیاگیا
مالیاتی نظام مکمل طور پرمحفوظ اورمستحکم ،ملکی معیشت کی حفاظت یقینی بنا رہے ہیں, محمد اورنگزیب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(وقاص عظیم)وزیرِ خزانہ کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس منعقدہواجس میں مالیاتی مارکیٹ کے تسلسل اور قومی اقتصادی سلامتی کا جائزہ لیاگیا۔
اجلاس حالیہ بھارتی جارحیت کے بعد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظر مالیاتی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے بلایا گیا،اجلاس میں گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان، چیئرمین سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان،سیکریٹری خزانہ اور وزارتِ خزانہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں جامع اور مربوط انداز سے اسٹاک مارکیٹ، قرضہ جاتی مارکیٹ، زرمبادلہ اور انٹربینک مارکیٹس کی صورتحال کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا،شرکاء نے اس حوالے سے فوری خطرات کا تجزیہ کرتے ہوئے ملکی مالیاتی نظام کے استحکام اور تحفظ کاعزم کیا
اجلاس میں مارکیٹ کے تسلسل اور استحکام کی اہمیت کو مدِنظر رکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے تمام مالیاتی اور متعلقہ شعبوں میں کاروباری سرگرمیوں کے تسلسل کو یقینی بنانے کا عزم کیا گیا،پاکستان کے اقتصادی ڈھانچے کے تحفظ اور مالیاتی مارکیٹ کو اطمینان، راہنمائی اور اعتماد فراہم کرنے کے لیے تمام تر مؤثر اور مضبوط اقدامات اٹھانے کا مکمل یقین اور عزم ظاہر کیا گیا۔
اجلاس میں موجودہ صورتحال میں ہر قسم کے خطرات، خصوصاً سائبر سیکیورٹی اور مواصلاتی نظام کے حوالے سے اضافی طور پر محتاط اور چوکس رہنے کا عزم ظاہر کیا گیا،اجلاس میں مالیاتی اداروں میں آپریشنز کے تسلسل، ہم آہنگی اور محفوظ روابط برقرار رکھنے کے لیے متبادل حکمتِ عملیوں کو مضبوط اور مستحکم رکھنے پر زور دیا گیا،اجلاس میں بدلتی ہوئی صورتحال کا باقاعدگی سے جائزہ لینے اور کاروباری طبقے کا اعتماد بحال رکھنے اور بروقت رہنمائی اور اطمینان فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کااجلاس ساڑھے تین بجے طلب کر لیا
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس موقع پرکہاکہ پاکستان کا مالیاتی نظام مکمل طور پرمحفوظ اورمستحکم ہے،تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے کام کرتے ہوئے ملکی معیشت کی حفاظت کو یقینی بنا رہے ہیں۔