نجی یونیورسٹی کی زخمی طالبہ کے علاج کیلئےقائم میڈیکل بورڈ کی تشکیل نو

Jan 07, 2026 | 12:05:PM
نجی یونیورسٹی کی زخمی طالبہ کے علاج کیلئےقائم میڈیکل بورڈ کی تشکیل نو
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(زاہد چوہدری)یونیورسٹی آف لاہور کی چھت سے گر کر زخمی ہونے والی طالبہ کے علاج کے لیے قائم میڈیکل بورڈ کی تشکیل نوکردی گئی۔
یونیورسٹی آف لاہور کی چھت سے گر کر زخمی ہونے والی طالبہ لاہورجنرل ہسپتال میں زیر علاج ہیں،پرنسپل اے ایم سی،پی جی ایم آئی اورلاہور جنرل ہسپتال پروفیسر فاروق افضل کاکہناہے کہ اس کا علاج کرنے والے سپیشل میڈیکل بورڈ کے ارکان کی تعداد 4 سے بڑھا کر 7 کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میٹرک سالانہ امتحانات تاخیر سے شروع کرنے کا فیصلہ
پرنسپل پروفیسر فاروق افضل کے مطابق پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر خرم سلیم بھی میڈیکل بورڈ میں شامل کردیئے گئے ہیں،سربراہ شعبہ پلمونالوجی ڈاکٹر جاوید مگسی بھی بورڈ کی معاونت کریں گے۔
​ پرنسپل پروفیسر فاروق افضل کے مطابق ایسوسی ایٹ پروفیسر گائنی ڈاکٹر سائرہ ذیشان کو بھی بورڈ کا حصہ بنا دیا گیاہے،تمام شعبوں کے سینئر ڈاکٹرز طالبہ کی مسلسل نگہداشت کر رہے ہیں۔

 طالبہ فاطمہ کی صحت سے متعلق میڈیکل بورڈ نے پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر فاروق افضل کو بریفنگ دی ہے۔

میڈیکل بورڈکے سربراہ پروفیسر جودت سلیم نے بتایاکہ ​طالبہ کی حالت تشویشناک مگر دل کی دھڑکن اور بلڈ پریشر تسلی بخش ہے، ​طالبہ کے جی سی ایس میں بہتری اور لیول 7 ریکارڈ کیا گیا،​مصنوعی سانس کی مشین ہٹانے کے لیے ’’ویننگ ٹرائل‘‘ کا آغاز کر دیا گیاہے،​خون اور پلیٹلیٹس لگنے کے بعد طالبہ کی رپورٹ نارمل آگئی،​پھیپھڑوں کی حالت بہتر، آکسیجن کی ضرورت پہلے سے کم ہو گئی ہے۔

​ پرنسپل پروفیسر فاروق افضل نے گزشتہ روز زیرعلاج زخمی طالبہ کے حوالے سے بتایاتھاکہ  اس  کی حالت پہلے سے بہتر ہے، تاہم اس کی صحت کے حوالے سے آئندہ 48 گھنٹے نہایت اہم ہیں،وہ اس وقت انتہائی نگہداشت وارڈ  میں زیر علاج اور ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم مسلسل دیکھ بھال کرنے میں مصروف عمل اور زخمی طالبہ کو پنجاب حکومت کی پالیسی کے مطابق بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے میڈیا بریفنگ میں بتایاتھا کہ طالبہ کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا تھا، وہ مکمل بے ہوش تھی اور اسے ریڑھ کی ہڈی، ٹانگوں، سینے اور پھیپھڑوں میں شدید چوٹیں آئی تھیں، فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے مریضہ کو وینٹیلیٹر پر منتقل کیا گیا۔

اس موقع پر چیئرمین سپیشل میڈیکل بورڈ پروفیسر جودت سلیم، ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین و دیگر انتظامی ڈاکٹرز بھی موجود تھے، پروفیسر فاروق افضل کے مطابق طالبہ کے علاج کے لیے ایک سپیشل میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے جس میں نیورو سرجری، سرجری، آرتھوپیڈکس، پلمونالوجی اور گائناکالوجی کے ماہر ڈاکٹرز شامل ہیں۔

میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر جودت سلیم نے بتایاتھا کہ ڈاکٹروں کی ٹیم نے بروقت طبی امدد فراہم کرتے ہوئے مریضہ کو شاک سے نکالااور خون کے ضیاع کے باعث دو بوتل خون لگایا گیا،مجموعی طور پر مریضہ کی حالت پہلے سے بہتر ہے۔