بھارتی لٹ گئے، 2024 میں سائبر حملوں اور فراڈ سے 228 ارب روپے چوری،رپورٹ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بھارت کی ایک میڈیا ٹیکنالوجی کمپنی کی رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ انڈیا میں 2024 میں سائبر حملوں اور فراڈ کے ذریعے تقریباً 228 ارب (22,842 کروڑ) سے زائد بھارتی روپے لوٹ لئے گئے۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق بھارتی دارالحکومت دہلی سے تعلق رکھنے والی ایک میڈیا ٹیکنالوجی کمپنی ’ڈیٹا لیڈز‘ نے ’سائبر کرائم کی جہتیں: آن لائن مالی فراڈز اور ڈیپ فیکس کے مسلسل اور ابھرتے ہوئے خطرات‘ کے عنوان سے رپورٹ شائع کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی مرکزی حکومت کے تحت چلنے والے ادارے انڈین سائبر کرائم کوآرڈینیشن سینٹر (آئی فور سی) نے خبردار کیا ہے کہ اس سال یہ نقصان 12 سو ارب روپے سے تجاوز کر سکتا ہے۔2024 کی چوری کی گئی رقم 2023 میں چوری ہونے والے سات ہزار 465 کروڑ روپے سے تقریباً تین گنا اور 2022 میں چوری ہونے والے دو ہزار 306 کروڑ روپے سے تقریباً دس گنا زیادہ ہے۔سائبر کرائم کی شکایات میں بھی اسی طرح اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ 2024 میں تقریباً 20 لاکھ شکایات درج کی گئیں جو 2023 کے 15.6 لاکھ کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہیں جبکہ 2019 کے مقابلے میں یہ دس گنا اضافہ ہے۔یہ بڑھتی ہوئی شکایات اور مالی نقصان اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہیں کہ بھارت میں ڈیجیٹل جرائم پیشہ افراد زیادہ چالاک اور اپڈیٹ ہو گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں بےروزگاری کے شکار تقریباً 290 لاکھ افراد میں سے کئی ایسے ہیں جو اس جرائم پیشہ نیٹ ورک کا حصہ بن رہے ہیں۔گزشتہ تین سالوں میں سائبر کرائم اور سائبر چوریوں کے اعداد و شمار کے بڑھنے کی بڑی وجہ ڈیجیٹل ادائیگیوں میں اضافہ ہے۔بینکنگ فراڈ میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا۔ ریزرو بینک آف انڈیا کے مطابق مالی سال 2025 اور26 کی پہلی ششماہی میں گزشتہ سال کے مقابلے میں بینکنگ فراڈ میں آٹھ گنا اضافہ ہوا ہے۔ چوری کی گئی رقم دو ہزار 683 کروڑ روپے سے بڑھ کر 21 ہزار 367 کروڑ روپے ہو گئی ہے۔نجی بینکوں میں ایسے واقعات کا تناسب 60 فیصد رہا ہے لیکن سب سے زیادہ نقصان سرکاری بینکوں کے صارفین کو ہوا جنہیں مجموعی طور پر 25 ہزار 667 کروڑ روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔انشورنس سیکٹر میں بھی دھوکہ دہی کے معاملات عام ہوتے جا رہے ہیں۔ جیسے انشورنس کمپنیاں صارفین کو موبائل ایپلی کیشنز پر منتقل ہونے کی ترغیب دیتی ہیں ویسے ویسے یہ شعبہ سائبر مجرموں کے لیے زیادہ منافع بخش بنتا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:روک سکو تو روک لو۔۔سدرہ بی بی قتل کیس کا مرکزی ملزم عدالت میں پیشی پر ٹک ٹاک بناتا رہا