مرحوم اداکار شفیع محمد شاہ کی بیٹی انتقال کر گئیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)ناموراداکار شفیع محمد شاہ کی صاحبزادی ارسلنہ محمد شاہ انتقال کرگئیں۔
ارسلنہ محمد شاہ کے انتقال کی اطلاع ان کی بہن نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام کے ذریعے دی، جس میں بتایا گیا کہ وہ اچانک دل کا دورہ پڑنے کے باعث دنیا سے رخصت ہو گئیں۔
ارسلنہ محمد شاہ میڈیا انڈسٹری سے وابستہ تھیں اور مختلف ٹی وی چینلز میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے چکی تھیں،تاہم ان کی اصل پہچان ان کا نرم دل، انسان دوست اور بے لوث شخصیت ہونا تھا۔
اہل خانہ کے مطابق وہ سیٹ پر کام کرنے والے ہر فرد کے ساتھ یکساں احترام اور محبت کا برتاؤ کرتی تھیں اور ضرورت مندوں کی خاموشی سے مدد کیا کرتی تھیں،انہوں نے اپنی زندگی میں بے شمار لوگوں کے دل جیتے اور ہمیشہ دوسروں کی بھلائی کو ترجیح دی۔
اہلخانہ کے مطابق ان کے انتقال سے خاندان ایک شفیق بہن اور محبت کرنے والی شخصیت سے محروم ہو گیا ہے،اہلِ خانہ اور مداح ان کے لیے مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کی دعا کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:گلو کار فلک شبیر کا عوامی مقامات پر مختصر لباس کا بیان ، سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی
واضح رہے کہ شفیع محمد شاہ نے آخری چٹان، آنچ، تیسرا کنارہ، بند گلاب، چاند گرہن، تپش، زینت، نوری جام تماچی، جنگل، ذرا سی عورت اور تلاش جیسے یادگار ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے، وہ 17 نومبر 2007ء کو 58 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔