برطانوی ہائی کمشنر بھی بسنت کی خوشیوں میں شریک، ’’مارننگ ود فضا‘‘ میں جذبات کا اظہار

Feb 06, 2026 | 16:54:PM
 برطانوی ہائی کمشنر بھی بسنت کی خوشیوں میں شریک، ’’مارننگ ود فضا‘‘ میں جذبات کا اظہار
سورس: 24 news
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر بین ویرنگٹن نے لاہور میں بسنت کی آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ماہ سے بسنت کی تیاریوں کا حصہ رہے ہیں۔

24 نیوز کے پروگرام ’’مارننگ ود فضا‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مضبوط سفارتی اور سماجی تعلقات ہیں، وہ پاکستانی کھانوں کو بہت پسند کرتے ہیں۔

پروگرام کی میزبان فضا کے سوال کے جواب میں برطانوی ہائی کمشنر  نے بتایا کہ لاہور میں بسنت کے رنگ دیکھنا ان کے لیے بہت دلچسپ تجربہ ہے، بچوں، جوانوں کے ساتھ ایسے بزرگ جوکہ پہلے اس تہوار سے جڑے رہے ہیں وہ بھی بہت پرجوش دکھائی دیئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ برطانیہ کے شہر گلاسگو اور پاکستان کے شہر لاہور کو جڑواں شہر قرار دیا گیا ہے، یہاں سے آپ دونوں ممالک کے عوام کی ثقافت میں مماثلت کا باخوبی اندازہ لگا سکتے ہیں۔انھوں نے بتایا کہ لاہور کی ایمرجنسی سروس 1122 اور لاہور کے چلڈرن ہسپتال کا بھی برطانیہ میں اداروں سے اشتراک ہے، اس لحاظ سے دونوں میں کافی مماثلت پائی جاتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ گلاسگو میں بہت جلد کامن ویلتھ گیمز کا انعقاد ہونے والا ہے جہاں ارشد ندیم سمیت دیگر پاکستانی کھلاڑی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے، ہم پر اُمید ہیں کہ وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ مجھے پاکستانی چٹ پٹے کھانے بہت پسند ہیں، حال ہی میں نے نئے کپڑے بھی خریدے ہیں جوکہ پاکستانی ثقافت کی نمائندگی کرتے ہیں،چکن تکہ مصالحہ ہم بہت شوق سے کھاتے ہیں۔

پروگرام کی میزبان فضا کے سوال پر انھوں نے جواب دیا  کہ وہ دھنیہ گوشت اور ہریسہ بھی کھا چکے ہیں، اب رمضان کی آمد پر وہ مزید کھانے ٹرائی کرنے والے ہیں، فضا کی جانب سے اُردو جملے بولنے کے چیلنج میں برطانوی ہائی کمشنر دھیمے دکھائی دیئے اور بولے کہ وہ اُردو اور پنجابی میں مہارت حاصل کرنے کے بعد پروگرام میں دوبارہ شریک ہوں گے لیکن انھوں نے ’’آئی لو پاکستان‘‘ کا جملہ میزبان کے ساتھ بھرپور جوش و جذبے سے بولا جسے سب نے بہت سراہا۔ 

یہ بھی پڑھیں :بسنت کے موقع پر قومی کھلاڑی بھی پتنگ بازی میں مصروف