آزاد کشمیر کابینہ کے 41ویں اجلاس میں عوامی، انتظامی، ترقیاتی فیصلوں کی منظوری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )آزاد جموں و کشمیر کابینہ کے 41ویں اجلاس میں متعدد اہم عوامی، انتظامی اور ترقیاتی فیصلوں کی منظوری دے دی گئی ہے، اجلاس وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی زیرصدارت میں منعقد ہوا۔
کابینہ نے گریڈ ون کے 878 بیلداران کو مستقل کرنے کی منظوری دیتے ہوئے ایڈہاک، عارضی اور کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کرنے کے لیے قانون سازی کا فیصلہ کیا، اس مقصد کے لیے نارمل بجٹ پوسٹوں پر تعینات ملازمین کی مستقلی سے متعلق قانون ساز اسمبلی میں بل پیش کیا جائے گا۔
اجلاس میں آسان کاروبار ایکٹ، نیشنل سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز پالیسی اور آزاد کشمیر ڈرنکنگ واٹر پالیسی 2026 کی منظوری بھی دی گئی،صاف پانی کی فراہمی کے لیے نئی پالیسی یونیسیف اور وفاقی حکومت کے تعاون سے تیار کی جائے گی۔
کابینہ نے سائبر کرائم کی روک تھام کے لیے کریمنل لاء ایکٹ 2024 میں ترامیم جبکہ غیر معیاری زرعی ادویات کے تدارک کے لیے ایگریکلچر پیسٹی سائیڈ ایکٹ کی منظوری دی، زراعت، لائیوسٹاک اور آبپاشی کے شعبوں کے لیے پانچ سالہ روڈ میپ بھی منظور کر لیا گیا۔
اجلاس میں کفایت شعاری اقدامات میں 13 جون تک توسیع، بلدیاتی اداروں کو فنڈز کی تقسیم سے متعلق فیصلوں کی توثیق اور ترقیاتی منصوبوں میں نئی پوسٹوں کی تخلیق کے لیے مالیاتی نرمی کی منظوری دی گئی، کابینہ نے ماحولیاتی ٹربیونل اور اپیلنٹ ٹربیونل ایم ڈی اے کے چیئرمین کے اختیارات ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو منتقل کرنے کی منظوری بھی دی۔
سماہنی میں جنازہ گاہ اور قبرستان کے لیے سرکاری اراضی مختص کرنے جبکہ جنڈالہ موضع تھاتھی میں قبرستان کے لیے 25 کنال 9 مرلہ اراضی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اسی طرح اسلام گڑھ کے گاؤں پلاک میں منگلا ڈیم متاثرین کی آبادکاری کے لیے 195 کنال 11 مرلہ اراضی کی منظوری دی گئی۔
تعلیمی شعبے میں سکولز ایجوکیشن پیکج میں ترامیم، بعض تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن اور مختلف سکولوں میں تدریسی پوسٹوں کی ری ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دی گئی، کابینہ نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کی پوسٹوں کو گریڈ 17 میں اپ گریڈ کرنے کی منظوری دیتے ہوئے فیصلہ کیا کہ اس کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔
اجلاس میں آزاد کشمیر بینک کے صدر کی تقرری سے متعلق سابق طریقہ کار بحال رکھنے اور اس حوالے سے کی گئی سابقہ ترمیم ختم کرنے کی منظوری بھی دی گئی، کابینہ نے عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ طے پانے والے معاہدے پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جبکہ آئی جی پولیس نے امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی، اجلاس کے اختتام پر کابینہ نے اپنے 40ویں اجلاس کے فیصلوں کی بھی توثیق کر دی۔
یہ بھی پڑھیں :سڑکوں پر خطرناک صورتحال،5 ماہ، 6 روز میں 445 قیمتی جانیں ضائع