کہیں بارش تو کہیں برف باری:محکمہ موسمیات نے اہم پیش گوئی کردی

کراچی دنیا کا ساتواں اورپاکستان کا تیسرا آلودہ ترین شہر، درجہ حرارت 12 سے 14 ڈگری رہنےکا امکان 

Feb 05, 2025 | 09:38:AM
کہیں بارش تو کہیں برف باری:محکمہ موسمیات نے اہم پیش گوئی کردی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اقصیٰ شیخ)  ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہےتاہم بالائی خیبر پختونحوا ، گلگت بلتستان اورکشمیر میں تیزہواؤں، گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پرہلکی برفباری کا امکان ہے۔

گذشتہ 24 گھنٹے کا موسم ملک کے بیشتر علاقوں میں سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہا،تاہم بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر بارش ہوئی،شمال مشرقی پنجاب میں ہلکی سے درمیانی دھند چھائی رہی۔

اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اورمطلع جزوی ابر آلود رہنےکا امکان ہے، دن کےمختلف اوقات میں ہلکی بارش اوربوندا باندی کی بھی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کےمطابق بلوچستان میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد رہےگا،خطہ پوٹھوہار میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے،مری، گلیات اور گردونواح میں ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کےمطابق لاہور،شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ،ننکانہ صاحب،سیالکوٹ،نارووال ،گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں دُھند کاامکان ہے،سندھ کے بیشتراضلاع میں موسم خشک  اور سرد رہے گا۔

دوسری جانب چترال،دیر،سوات،کوہستان،مانسہرہ میں ہلکی بارش اورہلکی برفباری کی توقع ہے جبکہ ایبٹ آباد، بٹگرام، کرم، اورکزئی، خیبر،باجوڑ میں ہلکی بارش اوربرفباری کا امکان ہے۔

شہرقائد صبح سویرےٹھنڈی ہواؤں کی لپیٹ میں ہے،شہر میں پارہ 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا،شہر میں موسم اس وقت سرد اور خشک ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی شہر کا موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ہے،آج رات کا کم سے کم درجہ حرارت 12 سے 14 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنےکا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے،شمال مشرقی سمت سے 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے،ہوا میں نمی کا تناسب 43 فیصد ہے۔

اے کیوآئی کے مطابق شہر کا فضائی معیار بدستور خراب ہے،دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی ساتویں اورپاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں آج کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن منایا جا رہا ہے

اے کیوآئی کے مطابق ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 178 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی،کراچی کے آلودہ ترین علاقوں میں مائے کولاچی سرفہرست ، کورنگی دوسرے نمبر پر اور گلشن اقبال تیسرے نمبر پر موجود ہے۔